QR CodeQR Code

جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا

13 Aug 2019 20:52

امیر جماعت سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے دفعہ 370 کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مودی کا یہ حملہ کشمیر پر ہوا ہے مگر ہم اسے اسلام آباد پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ بھارت نے اس اقدام کے بعد نئی فوج کشی کر کے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس بلائے گی جبکہ عید کے بعد پاکستان بھر میں کشمیر بچاؤ مہم شروع کرے گی۔ اس مہم کے تحت چترال سے کشمیر تک ”کشمیر بچاؤ“ ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ جماعت اسلامی مشاورت کے بعد لائن آف کنٹرول کراس کرنے کا پروگرام بھی مرتب کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں کیساتھ مشاورتی اجلاس میں کیا۔

امیر جماعت کی میزبانی میں مشاورتی اجلاس میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبد الرشید ترابی، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ (گ)کے کنونیئر سید عبداللہ گیلانی،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ(میر واعظ)کے کنونیئر سید فیض نقشبندی،حریت رہنماء غلام محمدصفی، محمود احمد ساغر، ریاض خطیب، مجید ملک،محمد فاروق رحمانی،لبریشن فرنٹ کے ترجمان رفیق ڈار،کشمیری دانشور شیخ تجمل السلام بھی موجود تھے۔

مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس نہ بلائی تو جماعت اسلامی کانفرنس بلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے دفعہ 370 کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مودی کا یہ حملہ کشمیر پر ہوا ہے مگر ہم اسے اسلام آباد پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ بھارت نے اس اقدام کے بعد نئی فوج کشی کر کے پورے کشمیر کو جیل بنا دیا ہے۔ جماعت اسلامی اس صورتحال میں اپنا کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ تحریک آزاد کشمیر میں شامل رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 810340

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810340/جماعت-اسلامی-نے-مسئلہ-کشمیر-پر-بین-الاقوامی-کانفرنس-بلانے-کا-مطالبہ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org