QR CodeQR Code

پاراچنار، قبائل کی تاریخ میں پہلی بار لاوارث افراد کیلئے "مشرانو کور" کے قیام کا منصوبہ

14 Aug 2019 14:17

نسیم ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین یوسف لالا نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں سے وہ لاوارث، ذہنی معذور، یتیم بچوں اور بیواؤں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، مگر اسوقت تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نے انکی بہترین رہائش، علاج معالجے اور خوراک کیلئے" مشرانو کور" کے نام سے ایک عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ کر لیا ہے، جس کیلئے عوام کے تعاون سے ڈیڑھ کنال زمین خریدی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم عمل نامور سماجی شخصیت یوسف لالا عرف ایدھی پاراچنار کی زیر سرپرستی کام کرنے والے نسیم یوسف ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاراچنار پریس کلب میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کرم کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یوسف لالا نے کہا کہ پچھلی تین دہائیوں سے وہ لاوارث، ذہنی معذور، یتیم بچوں اور بیواؤں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، مگر اس وقت تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نے ان کی بہترین رہائش، علاج معالجے اور خوراک کیلئے" مشرانو کور" کے نام سے ایک عمارت تعمیر کرنے کا ارادہ کرلیا ہے، جس کیلئے عوام کے تعاون سے ڈیڑھ کنال زمین خریدی گئی ہے اور عنقریب عمارت کی تعمیر پر بھی کام شروع کردیا جائے گا۔

اس موقع پر یوسف لالا نے مقامی عوام نیز باہر ممالک میں مقیم ہموطنوں سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں حسب توفیق مالی تعاون کرنے کی اپیل کی۔ یوسف لالا نے کہا کہ "مشرانو کور" روایتی اولڈ ایج ہوم سے بالکل مختلف منصوبہ ہے۔ جس میں صرف لاوارث، ضعیف اور خصوصی معذور افراد کو رکھا جائے گا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سید اقبال میاں، جلال حسین بنگش، ڈاکٹر عارف حسین طوری اور دیگر نے اس منصوبے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے وعدہ کیا کہ وہ ضلع کرم کے خصوصی لاوارث افراد کی کفالت کرنے میں یوسف لالا کے مشن میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 810432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810432/پاراچنار-قبائل-کی-تاریخ-میں-پہلی-بار-لاوارث-افراد-کیلئے-مشرانو-کور-کے-قیام-کا-منصوبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org