QR CodeQR Code

ہر پاکستانی مشکل کی گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، ناصر حسین شاہ

14 Aug 2019 19:45

سوک سینٹر کراچی میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہیئے کہ اس نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا کی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آج 14 اگست کے دن پوری پاکستانی قوم جشن آزادی کے ساتھ ساتھ کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن بھی منا رہی ہے، ہر پاکستانی اس مشکل کی گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیری بھائیوں پر بے پناہ ظلم و ستم اور بربریت پر غم و غصے کی کیفیت سے دوچار ہے۔ سوک سینٹر کراچی میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انشاء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

قبل ازیں وزیر بلدیات نے سوک سینٹر میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر پرچم کشائی کی، پاکستان کی 72ویں سالگرہ کا کیک کاٹا، سوک سینٹر میں پودا لگایا اور پرندے بھی آزاد کئے، اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے دعا بھی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونا چاہیئے کہ اس نے ہمیں آزادی جیسی نعمت عطا کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم وقار مہدی، معاون خصوصی برائے سیاسی امور راشد ربانی، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے بدر جمیل میندرو، کے ڈی لیبر یونین کے سیکریٹری جنرل محمد اشرف کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 810512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810512/ہر-پاکستانی-مشکل-کی-گھڑی-میں-کشمیری-بھائیوں-کے-ساتھ-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org