0
Wednesday 14 Aug 2019 20:36

لاہور، جامعہ المنتظر میں یوم آزادی کی تقریب، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں

لاہور، جامعہ المنتظر میں یوم آزادی کی تقریب، ملکی سلامتی کیلئے دعائیں
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان سے منسلک مدارس دینیہ میں وطن عزیز کے 73 ویں یوم آزادی کی شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جبکہ پاکستان کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے فوجی جوان، افسران اور دہشتگردی کی لہر میں بے گناہ شہید ہونیوالے پاکستانیوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ جامعتہ المنتظر میں یوم ِ آزادی کی تقریب میں تلاوت ِ قرآن پاک، نعت رسول کریم اور قومی ترانہ کے بعد طلبا نے ملی نغمے پیش کئے۔ علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے پرچم کشائی کی اور دعا کروائی۔

تقریب میں علامہ محمد افضل حیدری، علامہ اعجاز حسین حیدری، مولانا مہدی حسن اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ ہے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق جنت نظیر وادی میں استصواب رائے کے مطابق کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں ہمارے اسلاف نے علیحدہ وطن بڑی قربانیاں دے کر حاصل کیا۔ جو کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نعمت ہے، جس کی قدر کرنا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان، نظریہ پاکستان کا مرہون منت ہے، اس کے تقاضوں پر عمل اب بھی ضروری ہے۔ جس کا بہترین طریقہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ اور سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔
خبر کا کوڈ : 810520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب