QR CodeQR Code

پشاور ایئرپورٹ پر جوائنٹ سرچ ڈیسک کی کارروائی، 5 کلو آئس ہیروئن ضبط

14 Aug 2019 21:06

مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز سے راس الخیمہ جا رہا تھا، پکڑی گئی آئس ہیروئن اعلٰی کوالٹی کی ہے، جبکہ اسکی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، مسافر یہ منشیات عرب امارات لے جا رہا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ باچا خان ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 5 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن تھارٹی کے جوائنٹ سرچ ڈیسک نے کارروائی کرتے ہوئے آئس ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اے ایس ایف کے مطابق مسافر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز سے راس الخیمہ جا رہا تھا۔ پکڑی گئی آئس ہیروئن اعلٰی کوالٹی کی ہے، جبکہ اس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے، مسافر یہ منشیات عرب امارات لے جا رہا تھا۔ قبل ازیں، جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر راس الخیمہ جانے والے مسافر کی تلاشی لی گئی تو بیگ کے خفیہ خانوں سے ہیروئن برآمد ہوگئی۔ مسافر عاقب علی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز G-9825 کے ذریعے راس الخیمہ جا رہا تھا، مسافر کو گرفتار کئے جانے کے بعد اے ایس ایف نے اسے قانونی کارروائی کیلئے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔ خیال رہے کہ آئے دن ملک کے بڑے شہروں کے ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، تاہم اسمگلنگ کے واقعات میں کمی نہیں آ رہی ہے۔ 4 اگست کو بھی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا، سعودی عرب جانے والے مسافر سے 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد کی گئی تھی۔


خبر کا کوڈ: 810526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810526/پشاور-ایئرپورٹ-پر-جوائنٹ-سرچ-ڈیسک-کی-کارروائی-5-کلو-آئس-ہیروئن-ضبط

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org