QR CodeQR Code

متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی، عوام کی بھرپور شرکت

14 Aug 2019 23:05

رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھارت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں دبایا جاسکتا، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا اور بھارت ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک سبز ہلالی پرچموں کے سائے تلے پاکستان زندہ آباد ریلی نکالی گئی، نواں شہر چوک پر متحدہ میلاد کونسل کی جانب سے اقوام متحدہ کو بھارتی صدارتی فرمان ختم کرنے اور مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لئے قرارداد پیش کی گئی اور ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی گئی، ریلی میں دو ہزار سے زائد لوگوں نے شرکت کی، ریلی کی قیادت متحدہ میلاد کونسل کے صدر زاہد بلال قریشی نے کی۔ ریلی میں متحدہ میلاد کونسل کے قائدین پیر میاں غلام جیلانی قادری، پیر ضیاالدین نقشبندی، ڈاکٹر عمران مصطفیٰ کھوکھر، ڈاکٹر اشرف قریشی ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر زاہد بلال قریشی و دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بھارت کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں دبایا جاسکتا، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا اور بھارت ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا، متحدہ میلاد کونسل سمیت پوری پاکستانی قوم آج مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں بھرپور انداز میں یوم سیاہ منائے گی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی دعویدار تنظیمیں کس کے ایما پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں، مظلوم کشمیریوں کو نماز عید تک نہیں پڑھنے دی گئی اور ان کو گھروں تک محصور کرکے ان پر راشن بند کر دیا گیا، لیکن اقوام متحدہ اور او آئی سی آج کہاں ہیں۔؟ اب بھی وقت ہے کہ امت مسلمہ ہوش کے ناخن لے، ورنہ کل ان کے ساتھ بھی صیہونی قوتیں کشمیر، فلسطین، برما، شام، عراق جیسی صورتحال پیدا کر دیں گی، آج شہید ہونے والے مظلوم کشمیریوں کو پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفن کیا جا رہا ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیر کی آزادی کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 810541

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810541/متحدہ-میلاد-کونسل-کے-زیراہتمام-کشمیری-مسلمانوں-سے-اظہار-یکجہتی-کیلئے-ریلی-عوام-کی-بھرپور-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org