0
Thursday 15 Aug 2019 01:12

امامیہ اسکاؤٹس کی یوم آزادی کے موقع پر مزار قائدؒ پر حاضری و سلامی

امامیہ اسکاؤٹس کی یوم آزادی کے موقع پر مزار قائدؒ پر حاضری و سلامی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسکاؤٹس اوپن گروپ پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے 73ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر اسکاؤٹس سلامی اور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس اور اسسٹنٹ چیف اسکاؤٹ علی نقی سمیت امامیہ اسکاؤٹس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سلامی کے بعد ڈویژنل صدر محمد عباس نے امامیہ اسکاؤٹس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی قائداعظم محمد علی جناحؒ سے تجدیدِ عہد کرنے کا دن ہے کہ جس مقصد، ہدف و نظریہ کے تحت انہوں نے پاکستان بنایا تھا، انشاءاللہ اسی کو آگے لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مملکتِ خدادادِ پاکستان کو ایک مرتبہ پھر دہشتگردی، فرقہ واریت، ناانصافی، لاقانونیت، کرپشن اور دیگر بیش بہا مسائل سے آزاد کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو امریکا اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے، اسی پشت پناہی کی بدولت بھارت مسلسل بے گناہ کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے۔

محمد عباس نے کہا کہ حال ہی میں 370 اور 35 اے کو ختم کرکے بھارت نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک دہشتگرد اور ظالم ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی قیمت پر بھی کشمیری مسلمانوں کی حمایت کرنا نہیں چھوڑیں گے، ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتِ جعفریہ اور آئی ایس او کا ہر جوان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور پاک افواج و کشمیری مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عرصۂ دراز سے محبِ وطن پاکستانیوں کو اور ملتِ جعفریہ کے جوانوں، علماء کرام اور عمائدین کو جبری طور پر گمشدہ کیا جا رہا ہے، ابھی حال ہی میں اسلام آباد کے مصروف ترین علاقے سے معروف قانون دان اور آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر ایڈوکیٹ یافث نوید ہاشمی کو لاپتہ کر دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل انجینئر ممتاز رضوی، رحمان شاہ، ظہیر الدین بابر، اظہر حسین سمیت سینکڑوں محب وطن شیعہ مسلمانوں کو کئی سالوں سے لاپتہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو تو یہ بھی نہیں پتہ کہ ان کے پیارے زندہ ہیں یا مار دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ لاپتہ افراد کو چھوڑ دو، بلکہ اگر خدانخواستہ انہوں نے کوئی جرم کیا ہے، تو عدالتوں میں پیش کرو، کوئی الزام ثابت ہو تو سزا بھی دو، مگر عدالتوں میں پیش کرکے انہیں ان کے خانوادوں سے ملوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف، وزیرِاعظم، صدرِ مملکت اور چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایڈوکیٹ یافث ہاشمی سمیت تمام شیعہ لاپتہ افراد کو بازیاب کروایا جائے، اگر بازیاب نہ کروایا گیا تو ہم جمہوری انداز میں احتجاج کرنے کا آئینی حق اور طاقت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 810580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش