QR CodeQR Code

بھارت نے جس جنگ کا آغاز کیا ہے اسکا اختتام ہم کرینگے، مسعود خان

15 Aug 2019 09:18

ایوان صدر مظفرآباد میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیری نئے عزم سے اٹھیں گے، لڑیں گے اور بھارت کی فسطائیت اور انتہا پسندی کو شکست دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے جس جنگ کا آغاز کیا ہے, اس کا اختتام ہم کرین گے۔ کشمیر کے غیور اور بہادر عوام تنہا ضرور ہیں لیکن وہ ہارے نہیں ہیں، کشمیری نئے عزم سے اٹھیں گے، لڑیں گے اور بھارت کی فسطائیت اور انتہا پسندی کو شکست دیں گے۔ بھارت کی سول سوسائٹی بھی مودی کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، کیونکہ مودی کشمیر کے حصے بخرے کرنے کے بعد پورے بھارت میں فسطائیت اور آمریت پھیلانا چاہتا ہے۔ ایوان صدر مظفر آباد میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کو ان لوگوں سے سبق سیکھنا چایے، جو قیام پاکستان کے وقت یہ پینشن گوئی کرتے پھرتے تھے کہ پاکستان تین ماہ سے زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔

تقریب سے وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں آزاد کشمیر کابینہ کے اراکین اور ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، اعلیٰ سول و فوجی حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان 72 سال سے نہ صرف دنیا کے نقشے پر موجود ہے بلکہ قیامت تک ان شاء اللہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مملکت خداد پاکستان جو اللہ کے فضل و کرم، قائداعظم کے فولادی عزم اور جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجہ میں معرض وجود میں آیا، اس کی حفاظت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، کیونکہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور پاکستان کے بغیر کشمیر کی کوئی پہچان نہیں ہے۔

بھارت نے 5 اگست کو دفعہ 35A اور 370 ختم کرنے کے بعد تازہ دم ایک لاکھ اسی ہزار فوج کی مدد سے کشمیر پر جو نیا حملہ کیا ہے، وہ درحقیقت پاکستان کی بقاء اور سلامتی پر حملہ ہے۔ بھارت بلیک آﺅٹ کرکے پورے مقبوضہ کشمیر کو بیرونی دنیا سے کاٹ کر اُن کشمیریوں کو قتل کر رہا ہے، جن کی زبان پر آزادی اور پاکستان کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا نرالہ دستور ہے کہ وہ بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام پر تو خاموش ہے، لیکن کہتی ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام مظلوم اور دہشت گردی کا شکار مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مدد کے لئے کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند حکومت نہایت شاطرانہ چال چل رہی ہے، جس کا یہ ارادہ ہے کہ کشمیر کو اپنی نو آبادی بنا کر وہاں کے عوام کی زمین پر قبضہ کریں گے، لوگوں کے روزگار، ملازمت، تعلیم کے حقوق چھینیں گے اور انہیں اپنے گھروں سے بے گھر کرکے نکالیں گے۔


خبر کا کوڈ: 810590

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810590/بھارت-نے-جس-جنگ-کا-آغاز-کیا-ہے-اسکا-اختتام-ہم-کرینگے-مسعود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org