QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی کا روسی ہم منصب کو ٹیلی فون، روس کا سلامتی کونسل میں کشمیر کی مخالفت نہ کرنیکا اعلان

15 Aug 2019 11:10

اقوام متحدہ میں روسی مندوب کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ ہمارا ملک کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے کی مخالفت نہیں کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیرخارجہ نے روسی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ کا گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارت، غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی صریحاً منافی ہیں۔شاہ محمود قریشی کے مطابق ہندوستان کے حالیہ غیر آئینی اقدامات خطے میں امن و امان کیلئے شدید خطرات کا باعث ہو سکتے ہیں۔

اس دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ روس اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں روسی مندوب کا میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ ہمارا ملک کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے کی مخالفت نہیں کرے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس 16 اگست کو ہو رہا ہے جس میں تقریباً 50 برس بعد مقبوضہ کشمیر کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔


خبر کا کوڈ: 810617

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810617/شاہ-محمود-قریشی-کا-روسی-ہم-منصب-کو-ٹیلی-فون-روس-سلامتی-کونسل-میں-کشمیر-کی-مخالفت-نہ-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org