0
Thursday 15 Aug 2019 22:02

کراچی میں جانوروں کی باقیات و کچرے کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے لگا

کراچی میں جانوروں کی باقیات و کچرے کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے لگا
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں بارشوں کے بعد شہر بھر میں صورتحال بہتر نہیں ہوسکی جب کہ برساتی پانی کی نکاسی کے بعد قربانی کی باقیات اور گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھ رہا ہے۔ شہر بھر کے سیوریج نظام کی خرابی کے باعث بیشتر سڑکوں پر گٹر ابل رہے ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے، بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی اور واٹر بورڈ کی نااہلی سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے۔ گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں پھیلی ہوئی گندگی اور غلاظت سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا ہے، گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی بلاک ٹو، سرجانی ٹاؤن، لیاقت آباد سے تاحال بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے، بارش پیر کی صبح رک گئی تھی لیکن 3 دن گزرنے کے باوجود ان علاقوں میں برساتی پانی کھڑا ہے۔ گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی میں اتوار کو نالے کی دیوار ٹوٹنے سے علاقہ زیر آب آگیا تھا جس کے باعث مکینوں کی نقل و حرکت محدود ہوگئی تھی اور مکینوں گھروں میں محصور ہوگئے تھے، برساتی اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا کچھ مقامات پر 3 سے 5 فٹ پانی جمع ہوگیا تھا۔ سوسائٹی کے مکینوں نے بدترین صورتحال میں عید گزاری، حکومت سندھ، بلدیاتی اداروں اور تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے دعوے تو کئے گئے لیکن اب تک پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی، گلستان ظفر سندھی مسلم سوسائٹی میں 5 دن بعد بجلی بحال ہوئی لیکن تاحال پانی جمع ہے جس سے مکین پریشان ہیں۔

سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور بی، سکس بی کے گھروں میں برساتی اور سیوریج کا پانی داخل ہوگیا، سرجانی ٹاؤن سے اب تک پانی کی مکمل نکاسی نہیں ہوسکی ہے جس سے مکینوں کی زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے، کے ایم سی نے پمپس کے ذریعے پانی کی نکاسی کی تھی لیکن بارش کا پانی اب بھی گھروں کے باہر جمع ہے۔ بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، کورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، محمودآباد، نیوکراچی، لیاقت آباد ارم بیکری، لیاقت آباد، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا کی سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی ہوگئی ہے لیکن قربانی کی باقیات، کچرے کے ڈھیروں اور غلاظت سے تعفن اٹھ رہا ہے اور بدبو کے باعث سانس لینا دشوار ہوگیا ہے، شہری گلیوں سے ناک پر رومال رکھ کر گزرنے پر مجبور ہیں، مکینوں کا کہنا ہے کہ گندگی صاف نہ کی گئی تو وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 810758
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش