0
Thursday 15 Aug 2019 23:55
اراکین اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کی شرکت

ملتان، یوم سیاہ کے موقع پر چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کی قیادت میں ریلی

ملتان، یوم سیاہ کے موقع پر چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کی قیادت میں ریلی
اسلام ٹائمز۔ چیف وہپ قومی اسمبلی و ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کشمیر میں بھارتی مظالم خطے کی سلامتی داؤ پر لگانے کے مترادف ہے، مودی مقبوضہ وادی کا جلاد بن چکا ہے، کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور آج بھی ہمارا ہے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے اور نوشتہ دیوار پڑھ لے بھارت نے اگر ہوش کے ناخن نہ لئے تو پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ بھارت کو سبق سیکھا دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی یوم آزادی اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ یوم سیاہ کی ریلی کے دیگر قائدین میں صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک، کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی، ملک محمد عدنان ڈوگر، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، ایم پی اے سبین گل خان، ایم پی اے وسیم خان بادوزئی، چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار، سابق ٹاؤن ناظم میاں محمد جمیل، تاجر رہنما خواجہ سلیمان صدیقی، خواجہ محمد شفیق، شیخ جاوید اختر، سماجی رہنما شاہد محمود انصاری شامل تھے۔

چوک گھنٹہ گھر میں ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے، قوم کا ہر فرد کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے، آج یوم سیاہ منانے کا مقصد اقوام عالم کو یہ بتانا تھا کہ بھارتی مظالم انسانی حدووں کو کراس کرچکے ہیں اور اب کشمیر کا آزاد ہونا اٹل ہوچکا ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی حکومت اور افواج پاکستان کشمیری بھائیوں کی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کیلئے جو اقدامات اٹھائیں گے، قوم کا ہر فرد ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے کشمیر کی حمایت میں عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم کا نہ صرف آغاز کر دیا ہے بلکہ پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھارت کیلئے نوشتہ دیوار ہے، کیونکہ مودی کے اقدامات ہٹلر سے کم نہیں اور ان مظالم کا اب اختتام ہونے والا ہے، پوری پاکستانی قوم آج یوم سیاہ کے موقع پر بھارت کی نام نہاد جمہوری اقدار کو مسترد کرتی ہے بلکہ کشمیر سے یکجہتی کے حوالے سے پاک افواج کے سربراہ کے اقدامات کے ساتھ پوری پاکستانی قوم شانہ بشانہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 810779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش