QR CodeQR Code

نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، سردار عبدالحئی دستی

16 Aug 2019 00:28

مظفرگڑھ میں یوم سیاہ کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا، جسکی وجہ سے اقوام عالم بالخصوص مسلم ممالک نے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مظفرگڑھ میں یوم سیاہ منایا گیا اور اپنے کشمیری بھائیون کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا، مظفرگڑھ کی سول سوسائٹی، انجمن تاجران، پی ایم اے، ایپکا، ٹیچر یونین، علماء مشائخ اور ضلعی محکموں کے افسران و اہلکاروں پر مشتمل افراد نے ڈپٹی کمشنر آفس سے فیاض پارک تک ریلی نکالی، جس کی قیادت صوبائی مشیر برائے زراعت عبدالحئی خان دستی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور اور ڈی پی او ڈاکٹر احتشام انور نے کی، ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی، ہندوستان مردہ باد، مودی مردہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے، ریلی کے اختتام پر مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج مظالم توڑ رہی ہے، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا، جس کی وجہ سے اقوام عالم بالخصوص مسلم ممالک نے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ حکومت پاکستان نے عالمی سطح پر مسئلہ کمشنر کو اجاگر کیا، جس کی بدولت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نوٹس لے کر مسئلہ کشمیر پر اجلاس طلب کر لیا ہے، جو خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیر کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، کشمیر سے بھارتی فوج کا انخلا کیا جائے، ظلم و بربریت کا سلسلہ ختم کیا جائے، کشمیر کا فیصلہ کشمیر کی عوام کی خواہشات کے مطابق کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کے تسلط سے آزاد ہوگی۔ ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو میں اپنے پوری ٹیم کے ہمراہ پاک فوج کے ہراول دستے کے ساتھ کھڑا ہوں گا، پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے ساتھ ہے، کشمیر کے ساتھ ہے، ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور کشمیر کو آزاد کرا کر دم لیں گے۔

بعدازاں مولانا عبدالمعبود آزاد نے کشمیر کی آزادی، ملک پاکستان کی سلامتی، دشمنان ملک کی تباہی کے لئے دعا کرائی، اس موقع پر ڈاکٹر مہر اقبال اور ڈاکٹر مقبول عالم پی ایم اے کے ہمراہ، جاوید اختر ملک، امیر حسن اور شیخ عام سلیم انجمن تاجران کے ہمراہ، وزیر خان دستی ایپکا کے ہمراہ، سی ای او تعلیم مسعود ندیم ٹیچر یونین کے ہمراہ، گلزار عباس نقوی، غضنفر عباس نقوی نے علماء و مشائخ کے ہمراہ شرکت کی، ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماء مشائخ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، نوجوان، بوڑھے اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور قومی اتحاد کا نمونہ پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 810782

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810782/نہتے-کشمیریوں-پر-بھارتی-فوج-کے-مظالم-کی-پرزور-مذمت-کرتے-ہیں-سردار-عبدالحئی-دستی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org