QR CodeQR Code

مردان، اتوار کو لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی کی مسخ شدہ لاش برآمد

16 Aug 2019 11:40

ہسپتال ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران لاش کے نمونے لیکر تجزیئے کیلئے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔ ڈی پی او مردان کا کہنا ہے کہ لیبارٹری سے رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل صورتحال کا پتہ چل سکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مردان کے نواحی علاقے جانباز نرے میں گنے کے کھیت سے عید قربان سے اک روز قبل لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی کی مسخ شدہ لاش مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق جانباز نرے کے رہائشی رحمت اللہ کی 4 سالہ بیٹی، اقراء، اتوار کی شام گھر سے نکلی اور دوکان سے مہندی کی کون خریدنے کے بعد لاپتہ ہوگئی، کافی تلاش کے بعد بھی جب اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا تو ورثاء نے تھانہ صدر میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کر لی۔ کل بروز جمعرات، شام کے وقت اقراء کی مسخ شدہ لاش اس کے گھر کے پاس ہی گنے کے کھیت سے ملی جسے پوسٹ مارٹم کیلئے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر لیا گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق انہوں نے پہلے ہی دن ان کھیتوں کو چھان مارا تھا تاہم جس کھیت سے آج لاش ملی ہے اس دن اسے پانی دیا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کھیت کو سرچ نہیں کیا جا سکا تھا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران لاش کے نمونے لیکر تجزیئے کیلئے لیبارٹری بھیج دیئے گئے ہیں۔ ڈی پی او مردان کے مطابق لیبارٹری سے رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل صورتحال کا پتہ چل سکے گا۔ خیال رہے کہ بچی کے والد محنت مزدوری کی غرض سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔


خبر کا کوڈ: 810829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810829/مردان-اتوار-کو-لاپتہ-ہونے-والی-4-سالہ-بچی-کی-مسخ-شدہ-لاش-برآمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org