0
Friday 16 Aug 2019 12:06

جنوبی وزیرستان، دوتانی اور وزیر قبائل کے مابین جھڑپیں جاری، 5 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان، دوتانی اور وزیر قبائل کے مابین جھڑپیں جاری، 5 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان وانا میں دوتانی اور وزیر قبائل کے مابین جاری جھڑپوں میں اب تک 5 افراد جاں بحق، جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق کرکنڑا علاقے میں دونوں قبیلوں کے درمیان جھڑپیں اب بھی جاری ہیں اور لڑائی کو روکنے کیلئے جرگے سیمت تمام تر کوششیں ناکام ہوگئی ہیں۔ دونوں قبیلوں کے درمیان زمین کا تنازعہ چلا آ رہا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ 14 اگست کی شب دوتانی قبائل کے 300 مسلح لشکر نے کرکنڑا کے مقام پر وزیر قبائل کے گھروں پر دھاوا بولا تھا اور دوتانی قبائل نے کرکنڑا اور اس کے مضافاتی پہاڑی چوٹیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ جواب میں وزیر قبائل نے بھی ہنگامی طور پر 1400 افراد پر مشتمل لشکر کرکنڑا روانہ کر دیا اور وزیر قبائل کے مسلح افراد نے دوتانی قبائل کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں اطراف سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال جاری ہے جس سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کے خدشہ ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی بھر پور کوششوں کے باوجود تاحال دونوں قبائل کے مابین مسلح جھڑپیں جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 810842
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش