0
Friday 16 Aug 2019 12:22

حکومت نے سرکاری ملازمین کو یکم ستمبر تک اثاثے ظاہر کرنے کا حکم دیدیا

حکومت نے سرکاری ملازمین کو یکم ستمبر تک اثاثے ظاہر کرنے کا حکم دیدیا
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں، اداروں، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 جون 2019ء کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال کے لئے اپنے ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات یکم ستمبر تک حاصل کرلیں۔ ذرائع کے مطابق ایک علیحدہ میمورنڈم میں حکومت نے مینیجمنٹ گریڈ کے افسران کے لئے 15 فیصد ایڈ ہاک ریلیف فنڈ الاؤنس اور اس کے ساتھ منتخب کارپوریشنز اور خودمختار اداروں کے لئے 5 سے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف فنڈ کا بھی اعلان کیا۔ اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکرٹریز، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، چیئرمین قومی احتساب بیورو، وفاقی محتسب، وفاقی ٹیکس محتسب، الیکشن کمیشن آف پاکستان، انٹیلی جنس بیورو اور آڈیٹر جنرل پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے ملازمین کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں۔ خیال رہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس، پولیس سروس، سیکریٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے ڈیکلریشن کا ریکارڈ رکھتا ہے۔

دوسری جانب تمام سروسز گروپس جس میں امور خارجہ اور عدالتی امور بھی شامل ہیں، کے اثاثوں کے اعلامیے کا ریکارڈ ان کی متعلقہ وزارتیں، محکمے اور شعبے رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہر سرکاری ملازم کے لئے آمدنی کا سالانہ ڈکلریشن، اثاثے اور 30 جون کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال کے اخراجات، گذشتہ برس جمع کروائے گئے اثاثوں میں کوئی کمی یا اضافے کا بھی بتانا ہوگا۔ ایک دوسرے حکم نامے میں حکومت نے مینجمنٹ گریڈ (ایم 1 سے ایم 3) کے لئے بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف کا بھی اعلان کیا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2018ء سے ہوگا جبکہ (ایم 3 کے لئے) 5 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اطلاق یکم جولائی 2019ء سے ہوگا۔ یہ ایڈ ہاک چھٹیوں کے دوران قابلِ عمل ہوگا البتہ خصوصی چھٹیوں کے لئے نہیں، اور اس پر بھی انکم ٹیکس کا اطلاق ہوگا تاہم اسے پینشن، گریجویٹی، مکان کے کرایے کی مد میں ادائیگی نہیں سمجھا جائے گا۔اس کے ساتھ یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ایڈہاک ریلیف مالی سال 20-2019ء کے بجٹ میں اعلان کردہ بنیادی تنخواہ پر گریڈ 1 سے 16 کے سول سرونٹس کے لئے 10 فیصد، اور گریڈ 17 سے 20 تک کے لئے 5 فیصد ہوگا۔ علاوہ ازیں اس کا اطلاق خودمختار، نیم خودمختار اداروں اور کارپوریشنز پر بھی ہوگا، جو وفاقی حکومت کے بنیادی تنخواہ کے اسکیل پر عمل کرتے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 810855
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش