QR CodeQR Code

ختم نبوت کے بعد ولایت علی ہی مسلمانوں کے پاس ہدایت کا واحد راستہ ہے

مرجعیت اور رہبریت تشیع کا وقار اور مرکزیت کا اظہار ہے، علمدار بخاری

ولایت کنونشن پاکستان کی تاریخ میں مثالی ثابت ہوگا، تحریک تحفظ تشیع پاکستان

16 Aug 2019 18:43

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عید غدیر کے پرمسرت موقع پر ہم اپنے عقائد کا اظہار کرینگے اور عقائد بگاڑنے والوں کو بےنقاب بھی کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ کنونشن غیر سیاسی ہوگا، یہ خالص مذہبی اجتماع ہوگا، جس میں ملک بھر سے ملت جعفریہ کے افراد، علمائے کرام، ذاکرین عظام، ماتمی اور بانیان مجالس بھی شرکت کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے قائدین سید علمدار حسین بخاری، مولانا امتیاز علی کاظمی، سید سجاد نقوی، مولانا مشتاق حسین جعفری، مولانا توقیر عباس اور سید مقدس کاظمی نے لاہور پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 اگست کو ناصر باغ میں ہونیوالا ولایت کنونشن ملکی تاریخ کا اہم کنونشن ثابت ہوگا، جس میں ملک بھر سے ہزاروں عاشقان ولایت شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کو ناکام بنانے کیلئے ولایت دشمن عناصر اور ملت جعفریہ میں انتشار پھیلانے والے شرپسند سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کو قوم مسترد کرچکی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر فعالیت دکھا کر قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، مگر ان شاء اللہ 18 اگست کو لاہور میں ہر طرف ولایت کے پرستار اور عاشقان آل محمد (ع) ہی نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کنونشن کا مقصد عید غدیر کی خوشی منانا بھی ہے، کیوںکہ ختم نبوت کے بعد ولایت علی ہی مسلمانوں کے پاس ہدایت کا واحد راستہ ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عید غدیر کے پرمسرت موقع پر ہم اپنے عقائد کا اظہار کریں گے اور عقائد بگاڑنے والوں کو بے نقاب بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ کنونشن غیر سیاسی ہوگا، یہ خالص مذہبی اجتماع ہوگا، جس میں ملک بھر سے ملت جعفریہ کے افراد، علمائے کرام، ذاکرین عظام، وکلاء، طلباء، ماتمی عزادار اور بانیان مجالس بھی شرکت کریں گے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قومی ولایت کنونشن میں ہم واضح کریں گے کہ محمد و آل محمد کی تعلیمات کے علاوہ کسی مرضی کی چیز کو دین میں شامل نہیں کیا جا سکتا، مرجعیت اور رہبریت تشیع کا وقار اور مرکزیت کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ولایت کنونشن مشرکانہ، غالی اور نصیری خرافات پھیلانے والی جعلی تشیع سے بھی اظہار برائت کرے گا، کنونشن میں کشمیری بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کیخلاف بھی آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنت نظیر وادی میں موت کا راج ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، کنونشن میں عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی مبذول کروائی جائے گی۔ کنونشن کے بعد یکجہتی کشمیر ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت علمائے کرام کیساتھ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی کریں گے۔ ریلی ناصر باغ سے براستہ مال روڈ چیئرنگ کراس پہنچے گی، جہاں پنجاب اسمبلی کے سامنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلی کے ذریعے امت مسلمہ کو دعوت فکر دیں گے کہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی پر مشترکہ موقف اختیار کرکے بیان بازی سے آگے اب عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حریت پسند رہنما سید علی گیلانی، یاسین ملک، شبیر شاہ اور دیگر قائدین پر ظلم و ستم، انہیں قید و بند اور کشمیر کو جیل میں تبدیل کرکے مودی نے ہٹلر کی بربریت کو بھی شرما دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کے ناصر باغ میں اجازت کے سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے ملاقات کی ہدایت کی ہے اور ہفتہ کے روز ان سے ملاقات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ واحد مسلک ہے، توحید، رسالت اور امامت کے عقائد پر عامۃ المسلمین اور مومنین کو گمراہ کرکے مذہب حقہ کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی خارجی، نصیری اور غالی گروہ سے ملت تشیع کا کوئی تعلق نہیں۔ اسلام، تعلیمات قرآن اور سیرت محمد و آل محمد کے تسلسل کا نام ہے۔


خبر کا کوڈ: 810940

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/810940/مرجعیت-اور-رہبریت-تشیع-کا-وقار-مرکزیت-اظہار-ہے-علمدار-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org