0
Friday 16 Aug 2019 21:19

سرگودہا، چھ نومولود بچوں کی ایک ہی دن میں اموات معمہ بن گئی

سرگودہا، چھ نومولود بچوں کی ایک ہی دن میں اموات معمہ بن گئی
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں چھ نومولود بچوں کی ایک ہی دن میں اموات معمہ بن گئی۔ لواحقین نے اموات کا ذمہ دار اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کو قرار دے دیا جب کہ ڈاکٹروں نے اموات کی بنیادی وجہ بچوں کی قبل از وقت پیدائش بتائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بچوں کی یکے بعد دیگرے ہونے والی اموات کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سرگودھا کے چلڈرن وارڈ میں نصف درجن نومولود بچے ایک ہی دن میں زندگی کی چند سانسیں لے کر ہمیشہ کی نیند سو گئے تو لواحقین کا غم و غصہ عروج پر پہنچ گیا، جن بچوں نے اپنی جانوں کی بازی اسپتال میں ہاری وہ مختلف علاقوں سے اسپتال لائے گئے تھے۔ نومولود بچوں کے لواحقین کا الزام ہے کہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایئرکنڈیشنرز کام نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے سخت گرمی اور شدید حبس ہے جو بچوں کی اموات کی وجہ بنا۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات کی ایک بڑی وجہ ڈاکٹروں کی غفلت بھی ہے کہ انہوں نے مناسب دیکھ بھال نہیں کی اور نومولودوں کو درکار توجہ نہ دی۔

اسپتال کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ ایئرکنڈیشنرز کے کام نہ کرنے کے الزام میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوئی تھی تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔ بچوں کی قبل از وقت پیدائش فی الوقت میڈیکل سائنس میں کوئی غیرمعمولی واقعہ تسلیم نہیں کیا جاتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روزآنہ قبل از وقت پیدا ہونے والے سینکڑوں نومولودوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاتا ہے۔ اسپتال کے ایم ایس کے مؤقف کو میڈیکل سے وابستہ افراد حیران کن ہی قرار دیں گے۔ افسوسناک امر ہے کہ نومبر 2014ء میں بھی اسی اسپتال میں دس نومولود بچوں کی اموات ہوئی تھی۔ اس وقت داعی اجل کو لبیک کہنے والے نومولود بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا تھا کہ اسپتال میں آکسیجن کی کمی تھی جس کی جانب انہوں نے ڈاکٹروں کی توجہ متعدد مرتبہ مبذول بھی کرائی لیکن توجہ نہ دی گئی اور بچے دم توڑ گئے۔ اس وقت کے صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا دعویٰ تھا کہ بچوں کو جب سرکاری اسپتال لایا گیا تھا تو اسی وقت ان کی حالتیں غیر تھیں۔
خبر کا کوڈ : 810964
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش