QR CodeQR Code

ایل او سی پہ جام شہادت نوش کرنیوالے جوانوں کی تدفین کا عمل جاری

17 Aug 2019 10:13

نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سول حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی فضا میں وقفے وقفے سے گونجتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے والٹن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ صوبائی وزیر اوقاف پیر سعید شاہ نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران، سول حکام، شہید کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اللہ اکبر، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی فضا میں وقفے وقفے سے گونجتے رہے۔ پاک فوج کے شہید لانس نائیک کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سپاہی محمد رمضان کا جسد خاکی جب ان کے آبائی گاؤں 67 پندرہ ایل پہنچا تو اہل علاقہ کی جانب سے پھولوں کی پتیاں بچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر میاں چنوں میں اہل علاقہ کی جانب سے پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے بھی لگائے گئے۔

میاں چنوں میں شہید محمد رمضان کی نماز جنازہ صبح آٹھ بجے گاؤں کے گورنمنٹ اسکول کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس کے بعد تدفین کا عمل پورے فوجی اعزاز کے ساتھ جاری ہے۔ شہید کو گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ پاک فوج کے لائن آف کنٹرول پر جام شہادت نوش کرنے والے شہید نائیک تنویر احمد کی نماز جنازہ بھی صبح ساڑھے آٹھ بجے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چک نمبر 138 دس آر قدیم میں ادا کی گئی، جس کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین جاری ہے۔بھارتی فوج نے گزشتہ روز حسب روایت ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین پاکستانی فوجیوں کو شہید کردیا تھا۔ شہدا میں نائیک تنویر، لانس نائیک تیمور اور سپاہی رمضان شامل تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اس ضمن میں جاری کردہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی سی پونچھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی سی پونچھ کے مطابق راولا کوٹ میں بھارتی فوج درہ شیر خان پر گولہ باری کررہی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کو نہیں ملی ہے۔


خبر کا کوڈ: 811021

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811021/ایل-او-سی-پہ-جام-شہادت-نوش-کرنیوالے-جوانوں-کی-تدفین-کا-عمل-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org