0
Saturday 17 Aug 2019 14:44
ہم دفاع وطن کیلئے ہر حد تک جائیں گے، میجرجنرل آصف غفور

کشمیر کی لمبی لڑائی ہے جسے لڑنے کیلئے تیار ہیں، شاہ محمود قریشی

کشمیر کی لمبی لڑائی ہے جسے لڑنے کیلئے تیار ہیں، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کرفیو ہٹتے ہی مقبوضہ کشمیر میں تشدد بڑھنے کا امکان ہے۔دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا۔ اٹارنی جنرل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیئرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور اور فردوس عاشق اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی نشست بہت حوصلہ افزا ہوئی، کل ہم نے بہت بڑا معرکہ سر کیا ہے، ہندوستان چونک گیا کہ یہ کیا ہو گیا ہے، یہ لمبی لڑائی ہے جو ہم نے ہر فورم پر لڑنی ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، مودی سرکار نے نہرو کے ہندوستان کو دفن کر دیا ہے،  نہرو اور مودی کے ہندوستان میں زمین آسمان کا فقرہ ہے، مودی سرکار دوال ڈاکٹرائن کے گرد گھوم رہی ہے، نریندر مودی، امیت شاہ اور اجیت دول اس کے کردار ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کمیٹی میں حکومت و اپوزیشن سمیت پاکستان کے تمام اداروں کی نمائندگی ہے، سب نے اس میں اپنے مشورے دیے ہیں، اس سے یکجہتی کا پیغام گیا ہے، اپنی جدوجہد کو تقویت دینے کیلئے کشمیر سیل تشکیل دے رہے ہیں، دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں اپنے سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کریں گے۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کل سرینگر میں کشمیری عوام نماز جمعہ کیلئے باہر نکلے اور کرفیو کے باوجود بھارتی اقدامات کو مسترد کیا، یہ ان جذبات کی جھلک ہے جو کرفیو ہٹنے پر سامنے آئیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا تعلق ہماری سیکیورٹی کیساتھ بھی ہے، وادی میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی ہے، توقع ہے کرفیو ہٹتے ہی مقبوضہ کشمیر میں تشدد بڑھے گا، مسلح افواج ہر خطرے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور سرحد پر کچھ ہوا تو پاک فوج بھرپور جواب دے گی، ایل او سی سے دراندازی کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں دراندازی ہوتی ہے تو یہ بھارتی فوج کی ناکامی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 811108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش