0
Saturday 17 Aug 2019 19:28

قومی ولایت کنونشن، انتظامیہ کا اجازت دینے سے انکار، شرکاء کی تعداد دیکھ کر پولیس غائب

یہ علی(ع) کے دیوانوں کا اجتماع ہے، علی والے بھاگتے نہیں مقابلہ کرتے ہیں، علمدار بخاری
قومی ولایت کنونشن، انتظامیہ کا اجازت دینے سے انکار، شرکاء کی تعداد دیکھ کر پولیس غائب
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں قومی ولایت کنونشن کل بروز اتوار 18 اگست کو ہونے جا رہا ہے، جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کنونشن کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ نے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس پر ناصر باغ میں پولیس تعینات کر دی گئی تھی۔ تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے کارکن انتظامات کیلئے ناصر باغ پہنچے تو پولیس نے باغ میں داخل ہونے سے روک دیا، تاہم پولیس کی جانب سے روکے جانے کی اطلاع پر لاہور بھر سے اہل تشیع کی بڑی تعداد ناصر باغ پہنچ گئی جبکہ دیگر شہروں سے بھی قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کنونشن کے شرکاء کی بڑھتی تعداد دیکھ کر پولیس ناصر باغ چھوڑ کر غائب ہوگئی، جس کے بعد کارکنوں نے کنونشن کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں جبکہ قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کنونشن میں ملک بھر سے آنیوالے علماء و ذاکرین خطاب کریں گے اور جشن خم غدیر کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے۔ کنونشن عقائد تشیع کے تحفظ اور اندرونی و بیرونی عناصر کی سازشوں کو بے نقاب کرنے اور جعفری تشیع کا پیغام ہوگا، کلیدی خطاب تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا ہوگا۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ عارف حسین واحدی، علامہ سبطین سبزواری، امت واحدہ کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی بھی خطاب کریں گے، جبکہ ذاکرین میں سے ریاض حسین رتووال، مشتاق حسین شاہ جھنگ، ناصر اقبال چانڈیو، ذریت عمران شیرازی فضائل اہل بیت بیان کریں گے۔ معروف نعت خواں پیر مقدس کاظمی، فرحان علی وارث اور علی دیپ رضوی بھی کنونشن میں بارگاہ محمد و آل محمد میں نذرانہ عقیدت پیش کریں گے۔

کنونشن کی دو نشستیں ہوں گی۔ پہلی نشست صبح 9 بجے سے ساڑھے بارہ بجے دوپہر تک جاری رہے گی۔ نماز با جماعت کے بعد کھانا ہوگا اور اس کے بعد قائدین کے دوبارہ خطابات شروع ہوں گے۔ علامہ جواد نقوی 2.30 بجے خطاب کریں گے جبکہ 4 بجے اظہار یکجہتی کشمیر ریلی ناصر باغ سے چیرنگ کراس تک نکالی جائے گی۔ جس کی قیادت علامہ جواد نقوی اور دیگر قائدین کریں گے۔ اس ریلی میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور بھی شریک ہوں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے کنوینیر سید علمدار حسین بخاری نے ناصر باغ میں کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عظیم الشان قومی کنونشن میں شرکت کیلئے دور دراز علاقوں سے قافلے لاہور کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔ یہ فقیدالمثال کنونشن پرامن ہوگا۔ تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اور ہم کسی کیلئے باعث تکلیف نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے۔ اس کے حصول کی جدوجہد کی کامیابی تک حکومت پاکستان کو اقوام متحدہ میں جزوی کامیابی پر خوش ہونے کی بجائے مکار دشمن کی آئندہ سازشوں کے مقابلے کی تیاری کرنی چاہیئے۔ علمدار بخاری نے کہا کہ ملک بھر سے کنونشن کیلئے لاکھوں لوگ آرہے ہیں اور ان شاء اللہ زندہ دلان لاہور اپنے مہمانوں کا شاندار استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شرپسندوں کے ہاتھوں کھیل رہی ہے، ہم جانتے ہیں کہ انتظامیہ کی ڈوریاں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں، مگر ہمارا کنونشن ہر صورت میں ہوگا، جسے اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، یہ علی (ع) کے دیوانوں کا اجتماع ہے اور علی (ع) میدان سے بھاگتے نہیں بلکہ مقابلہ کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 811146
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش