QR CodeQR Code

مودی کا حالیہ اقدام خود اسکے گلے کی ہڈی بن گیا ہے

اقوام عالم کو پیغام جانا چاہیئے کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، صمصام بخاری

17 Aug 2019 23:40

پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سلیم صادق کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب میں محکمہ مال کے شعبہ اشتمال اراضی کے صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ منزلیں آسان کے نام سے کارپٹ سڑکیں بنائیں گے اور اوکاڑہ شہر کے شہریوں کی محرومیوں کو دور کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی وزیر صمصام بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت کا نیا بلدیاتی نظام بہت طاقتور ہو گا اور اس میں "پک اینڈ چوز" کی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کارکنان کو مایوس نہیں کیا جائے گا اور پاکستان تحریک انصاف کے ہارنے والے امیدواران کو بھی پنجاب حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔ میڈیا کے ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر سلیم صادق کی رہائش گاہ پر پارٹی کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ محکمہ مال کے شعبہ اشتمال اراضی کے صوبائی وزیر صمصام بخاری نے اعلان کیا کہ منزلیں آسان کے نام سے کارپٹ سڑکیں بنائیں گے اور اوکاڑہ شہر کے شہریوں کی محرومیوں کو دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا مستقل حل کرائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کو بہادر لیڈر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فتح حق و سچ کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مودی کا حالیہ اقدام خود اس کے گلے کی ہڈی بن گیا ہے۔ صمصام بخاری نے کہا کہ قوم فکرمند نہ ہو، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا اور بھارت پوری دنیا کے سامنے رسوا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر لے جانا بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر پنجاب نے زور دے کر کہا کہ قوم اپنے فرقہ وارانہ اختلافات کو ختم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو پیغام جانا چاہیئے کہ ہم غیرت مند قوم ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا کہ اوکاڑہ کے عوام کے لئے اربوں روپے کے پروجیکٹس لے کرآ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ موٹر وے سے اوکاڑہ کو لنک کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اوکاڑہ دیہی روڈ کی ازسر نو تعمیر کرائی جائے گی۔
 


خبر کا کوڈ: 811183

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811183/اقوام-عالم-کو-پیغام-جانا-چاہیئے-کہ-ہم-غیرت-مند-قوم-ہیں-صمصام-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org