0
Sunday 18 Aug 2019 19:19
ملت جعفریہ کا ’’میڈ اِن یو کے‘‘ نصیرت اور غالیت سے کوئی تعلق نہیں

عقائد تشیع میں بگاڑ کا ٹھیکہ لیکر آنیوالوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، قومی ولایت کنونشن

کوئی بھی بدکردار ہمارے عقائد کیساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتا، مقررین کے خطابات
عقائد تشیع میں بگاڑ کا ٹھیکہ لیکر آنیوالوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، قومی ولایت کنونشن
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے تاریخی ناصر باغ میں تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے زیراہتمام عید غدیر کی مناسبت سے قومی ولایت کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد ملت جعفریہ کے عمائدین، علمائے کرام، ذاکرین عظام، ماتمی اور نوحہ خواں حضرت کیساتھ ساتھ وکلاء اور طلباء کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے ولایت فقیہ اور مرجیعت کیخلاف پاکستان میں ہونیوالی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ان کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کی ملت جعفریہ کا اس ’’میڈ اِن یو کے‘‘ نصیرت اور غالیت سے کوئی تعلق نہیں۔ مقررین نے شیعہ عقائد میں بگاڑ پیدا کرنیوالے شرپسندوں سے اعلان لاتعلقی کرتے ہوئے ملت کو ان عناصر سے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کے عقائد پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم ان تمام شرپسندوں سے واقف ہیں، جو ملت تشیع کے نظریات میں بگاڑ کا ٹھیکہ ایم آئی سکس سے لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ ایک عقیدہ کا نام ہے، یہ وہ عقیدہ ہے، جو رسول اللہ سے مولائے کائنات حضرت علی (ع) تک پہنچا اور وہاں سے دیگر آئمہ کے ذریعے ہوتا ہوا امام زمانہ (ع) تک آیا اور امام کی غیبت کے بعد مراجع عظام اس عقیدے کے محافظ و مدد گار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ مرجیعت اور ولی فقیہ کی مخالفت وہی طبقہ کر رہا ہے، جو 14 سو سال قبل رسول اللہ (ص) اور پھر حضرت علی علیہ السلام کا مخالف تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع پاکستان بیدار ہے اور اپنے عقائد کی حفاظت کا فریضہ سمجھتی ہے، آج کا یہ اجتماع اس بات کی دلیل ہے کہ ملت جعفریہ اپنے عقائد پر حملہ برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بدکردار ہمارے عقائد کیساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کرسکتا، ہم کل بھی علماء کیساتھ تھے، آج بھی علمائے کرام کیساتھ ہیں اور آئندہ بھی علمائے کی قیادت میں ہی کھڑے رہیں گے۔ شیعہ رہنماوں کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت ایک نیا فرقہ تخلیق کیا گیا ہے، جو سٹیج حسینی سے شیعہ عقائد کے منافی باتیں اور عقائد کا پرچار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں گے اور ان کو اپنی مجالس میں دعوت نہیں دیں گے بلکہ علمائے کرام سے ہی استفادہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 811201
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش