0
Sunday 18 Aug 2019 09:44

سلامتی کونسل، کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، سردار مسعود

سلامتی کونسل، کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے، سردار  مسعود
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جموں و کشمیر کی عوام کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اُٹھانے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اس جرات مندانہ اقدام سے سلامتی کونسل میں ایک ایسے تنازع پر خاموشی ٹوٹی ہے جس کا خطہ کی امن و سلامتی سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ایک ایسے وقت میں ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے خلاف ایک بار پھر جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں پر انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور مقبوضہ علاقے کو بلیک آؤٹ کی سیاہ چادر میں لپیٹ کر خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجوں کی تعداد میں بھاری اضافہ کر کے اور سنسر شپ نافذ کر کے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ یہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید خراب ہونے سے بچائے اور کشمیریوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کے اجلاس اور اس اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو زیربحث لانے کو خوش آئند قراد دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کا اجلاس رکوانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن پاکستان نے اپنے دوستوں کی مدد سے سلامتی کونسل کے ارکان کو مل بیٹھنے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو زیر بحث لانے اور بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے پر مجبور کیا۔

انہوں نے جموں و کشمیر کی عوام کی طرف سے وزارت خارجہ اور نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے فوری طور پر چین سے رابطہ کرنے اور وزارت خارجہ کے آفیسران کی طرف سے دن رات محنت کر کے منصوبہ بندی نے سلامتی کونسل کے اجلاس اور اس میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لائے جانے کو ممکن بنایا جس پر وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سیاسی و سفارتی کوششوں کی بھرپور تائید و حمایت کرتے ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے اور دنیا کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کی وزارت خارجہ کے اس بیان سے بھی حوصلہ ملا جس میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کا اجلاس اور اس میں کشمیر کی صورتحال کا زیر بحث آنا ابتداء ہے جو آگے چل کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، انسانی حقوق کونسل میں بھی اُٹھایا جائے گا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے اس اقدام سے نہ صرف مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر موثر انداز میں اُجاگر ہوا بلکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبہ کو بھی قانونی اور اخلاقی جواز ملا ہے۔
خبر کا کوڈ : 811205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش