0
Sunday 18 Aug 2019 12:22

پی ٹی آئی حکومت نے نہ خود کوئی کام کیا نہ صوبوں کو کرنے دیا، وزیراعلیٰ سندھ

پی ٹی آئی حکومت نے نہ خود کوئی کام کیا نہ صوبوں کو کرنے دیا، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے۔ کراچی میں ’سرسبز سندھ مہم ‘ کے افتتاح کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں جب تک درختوں کی افزائش کو بڑھایا نہیں جائے گا، موسمی تبدیلی کے اثرات بڑھتے جائیں گے، ہمیں صرف پودا نہیں لگانا بلکہ اس کی حفاظت کرکے درخت بنانا ہے، کراچی میں درختوں کی بہت کمی ہے، میں ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا درخت لگا کر سندھ کو سرسبز اور شاداب بنائیں، دنیا میں وہ ممالک اچھے لگتے ہیں، جہاں درختوں کے ساتھ پرندے بھی ہوں، نیم کے درخت کے علاوہ میوہ جات کے درخت لگائے جائیں، تاکہ پرندوں کی افزائش میں اضافہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے 3 اضلاع میں کچرا اٹھانے کا کام قدرے بہتر ہے، برساتی نالوں کی صفائی کے ایم سی کی ذمہ داری ہے، پچھلے سال کے ایم سی کو نالوں کی صفائی کے 550 ملین روپے دیئے گئے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، اس سال یاد رکھنے والا کچھ نہیں، وفاقی حکومت اب تک کوئی کام نہیں کر سکی اور اس نے صوبوں کو بھی کام نہیں کرنے دیا، اسٹاک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس پر آگئی ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اور کام کریں، جو کام کرنے والا ہے حکومت وہ کام کرے، جو ملکی آئین کی پابندی نہیں کرتا وہ ملک چلنے کی توقع کیسے رکھ سکتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے کئی بار نااہل قرار دینے کی کوشش کی گئی، پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہے، پیپلز پارٹی ارکان کے حوصلے توڑنا ان کی بھول ہے، جیالے آمروں کے سامنے ڈٹ گئے، جیالے تو آمروں کے سامنے بھی ڈٹ گئے، یہ خود کو سنبھالیں۔
خبر کا کوڈ : 811238
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش