QR CodeQR Code

لنڈی کوتل اور لکی مروت سے لاپتہ 2 کمسن بچوں کی لاشیں برآمد

18 Aug 2019 17:06

مغوی بچے کی لاش کی برآمدگی کے بعد اُس کے ورثاء مشتعل ہوگئے اور لاش کو انڈس ہائی وے پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا، اس احتجاج میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شریک ہیں جنہوں نے ہاتھوں میں لاٹھیاں اٹھا رکھی ہیں، جبکہ احتجاج سے قبل مساجد میں اعلانات کئے گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے تقریباً ایک ماہ قبل اغواء ہونے والے 4 سالہ بچے کی مسخ شدہ لاش کھیتوں سے برآمد ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ ایک ماہ قبل 4 سالہ اویس کو علاقہ گنڈی خان خیل سے اُسوقت اغواء کیا گیا تھا جب وہ گھر کے باہر کھیل کھود میں مصروف تھا، بچے کی اغوائیگی کے خلاف اُسوقت ورثاء اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤں بھی کیا تھا۔ احتجاج کے بعد پولیس نے مغوی کے والد کی رپورٹ پر ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا تھا جسے عدالت میں پیشی کے بعد جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ مذکورہ مغوی بچے کی مسخ شدہ لاش آج گھر کے قریب واقع کھیتوں سے برآمد ہوگئی ہے جسے بوری میں بند کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بچے کو قتل کیا گیا ہے یا اُس کی موت قدرتی طور پر واقعہ ہونے کے بعد اغواء کاروں نے اُس کی لاش پھینک دی ہے۔

مغوی بچے کی لاش کی برآمدگی کے بعد اُس کے ورثاء مشتعل ہوگئے اور لاش کو انڈس ہائی وے پر رکھ کر احتجاج شروع کر دیا، اس احتجاج میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شریک ہیں جنہوں نے ہاتھوں میں لاٹھیاں اٹھا رکھی ہیں، جبکہ احتجاج سے قبل مساجد میں اعلانات کئے گئے تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں ضلی ناظم اور نائب ناظم بھی شریک ہیں۔ ورثاء نے چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعے کا از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انڈس ہائی وے پر احتجاج کی باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ دوسری جانب قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے 2 روز قبل لاپتہ ہونے والے 5 سالہ بچے کی لاش کنویں سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق لنڈی کوتل کے علاقہ فاطمی خیل سے لاپتہ ہونے والے 5 سالہ بلال کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے، تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد واضح ہو جائیں گی۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کو قتل کرنے کے شبہ میں مقتول بچے کے 3 قریبی رشتہ داروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 811251

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811251/لنڈی-کوتل-اور-لکی-مروت-سے-لاپتہ-2-کمسن-بچوں-کی-لاشیں-برآمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org