0
Sunday 18 Aug 2019 18:06

پولیو مہم پر کوئی سیاست نہیں ہوگی، شوکت یوسفزئی

پولیو مہم پر کوئی سیاست نہیں ہوگی، شوکت یوسفزئی
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی  نے بنوں کے تاجروں کی جانب سے سیلز ٹیکس کو پولیو قطروں سے مشروط کرنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو پر کوئی سیاست  نہیں ہوگی۔ پولیو دہشت گردی سے کم نہیں اور جس طرح دہشت گردی کے خلاف حکومت اور سکیورٹی فورسز نے جنگ لڑی اور اس کا خاتمہ کیا اسی طرح پولیو کے خاتمے کیلئے بھی حکومت کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیلز ٹیکس کا پولیو کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں، ہم نے اپنی آنے آنے والی نسل کو پولیو سے بچانا ہے، ان کو محفوظ زندگی دینا ہے اور اس میں کوئی بھی رکاوٹ قابل قبول نہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سیلز ٹیکس ہو یا کوئی اور معاملہ تاجر تنظیمیں حکومت کے ساتھ بیٹھے اور معاملات کو حل کریں، تاہم پولیو جیسے ایشو پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں ہوگا اور نہ ہی حکومت بلیک میل ہوگی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پولیو مہم کو روکنے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی ہوگی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرے اور انہیں سہولیات فراہم کرے، ہم تجارتی سرگرمیاں بڑھانا چاہتے ہیں لیکن کوئی بلیک میل کرنے کا سوچ رہا ہے تو وہ اس کی غلط فہمی ہے، ایک طرف قوم کشمیر کے ایشو میں الجھی ہوئی ہے، کشمیریوں پر ظلم ہو رہا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کشمیریوں کی مدد کرے، دوسری طرف اگر کوئی ذاتی مفاد کیلئے انتشار پھیلانے کی کوشش کر تا ہے تو ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم جاری رہے گی اور ہم اپنے پولیو ورکروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے  کہا کہ جب اس ملک کے اندر دہشت گردی کی لہر تھی اسوقت بھی پولیو ورکروں نے بڑی قربانیاں دے کر پو لیو مہم کو کامیاب بنایا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 811253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش