QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت کے ایک سال میں بھوک، مہنگائی بیروزگاری کا سونامی آیا، مریم اورنگزیب

18 Aug 2019 18:58

تحریک انصاف حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی ترجمان کا کہنا ہے حکومتی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 6 سو ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کل کارکردگی انڈے، کٹے، مُرغیاں اور بکریاں ہیں، یہی بتا دیں کہ ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مُرغیاں دی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے پہلے ایک سال کے دوران ملک میں صرف بھوک، بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی آیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے لیکن وہ ابھی تک کنٹینر سے نہیں اترے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا ووٹ چوری ہوئے ایک سال ہوگیا، اس دوران مک میں بھوک، بیروزگاری اور مہنگائی کا سونامی آیا۔ حکومتی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی کارکردگی رپورٹ جھوٹ پر مبنی اور ڈرامہ بازی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے بتایا کہ ان کی جماعت نے تحریک انصاف کی حکومت کے جھوٹ کے خلاف جامع وائٹ پیپر لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
 

حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے پاس جھوٹے دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں ہے، یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ لیگی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے اس ایک سال میں ایک کلومیٹر سڑک، کسی اسکول میں ایک کلاس روم، کسی ہسپتال میں ایک وارڈ تک نہیں بناسکی ہے، تو حکومت کا سارا پیسہ کہاں چلا گیا ہے؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ایک سال کے دوران 7 ہزار 6 سو ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں گیس کے نرخ میں 200 اور بجلی کے نرخ میں 35 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان اس خطے کا دوسرا مہنگا ترین ملک بن چکا ہے۔

حکومتی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 6 سو ارب روپے کی کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کل کارکردگی انڈے، کٹے، مُرغیاں اور بکریاں ہیں، یہی بتا دیں کہ ایک سال میں کتنے انڈے، کٹے اور مُرغیاں دی ہیں اور یہ بھی بتا دیں کہ ایک سال میں وزیر اعظم ہاؤس یونیورسٹی میں کتنے بچوں کو داخلے ملے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کارکردگی رپورٹ بیان کرنے کے لئے کابینہ کا کوئی وزیر ہی موجود نہیں تھا، کیونکہ جب بچے کو پتا ہو کہ وہ تمام مضمون میں فیل ہے تو وہ رپورٹ لینے اسکول ہی نہیں جاتا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پوری رپورٹ کارڈ لال رنگ کی ہے اور یہ لال رنگ خطرے کی علامت ہوتا ہے۔ لیگی ترجمان نے کہا کہ یہ ٹیم تحریک انصاف کی نہیں ہے، تحریک انصاف کی ٹیم کی سربراہی اسد عمر کر رہے تھے، لیکن انہیں تو پہلے ہی سال میں ہٹا دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 811263

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811263/پی-ٹی-آئی-حکومت-کے-ایک-سال-میں-بھوک-مہنگائی-بیروزگاری-کا-سونامی-ا-یا-مریم-اورنگزیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org