QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، وزیراعلیٰ سندھ

18 Aug 2019 20:22

کراچی میں سرسبز سندھ مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس سال یاد رکھنے والا کچھ نہیں، وفاقی حکومت اب تک کوئی کام نہیں کرسکی اور اس نے صوبوں کو بھی کام نہیں کرنے دیا، اسٹاک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس پر آگئی ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اور کام کریں، جو کام کرنے والا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، اس سال یاد رکھنے والا کچھ نہیں، وفاقی حکومت اب تک کوئی کام نہیں کرسکی اور اس نے صوبوں کو بھی کام نہیں کرنے دیا، اسٹاک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس پر آگئی ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اور وہ کام کریں جو کرنے والا ہے۔ کراچی میں سرسبز سندھ مہم  کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں جب تک درختوں کی افزائش کو بڑھایا نہیں جائے گا موسمی تبدیلی کے اثرات بڑھتے جائیں گے، ہمیں صرف پودا نہیں لگانا بلکہ اس کی حفاظت کرکے درخت بنانا ہے، کراچی میں درختوں کی بہت کمی ہے، میں ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا درخت لگا کر سندھ کو سرسبز اور شاداب بنائیں، دنیا میں وہ ممالک اچھے لگتے ہیں جہاں دختوں کے ساتھ پرندے بھی ہوں، نیم کے درخت کے علاوہ میوہ جات کے درخت لگائے جائیں تاکہ پرندوں کی افزائش میں اضافہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے 3 اضلاع میں کچرا اٹھانے کا کام قدرے بہتر ہے، برساتی نالوں کی صفائی کے ایم سی کی ذمہ داری ہے، پچھلے سال کے ایم سی کو نالوں کی صفائی کے 550 ملین روپے دیئے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، اس سال یاد رکھنے والا کچھ نہیں، وفاقی حکومت اب تک کوئی کام نہیں کرسکی اور اس نے صوبوں کو بھی کام نہیں کرنے دیا، اسٹاک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس پر آگئی ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اور کام کریں، جو کام کرنے والا ہے، جو ملکی آئین کی پابندی نہیں کرتا وہ ملک چلنے کی توقع کیسے رکھ سکتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے کئی بار نااہل قرار دینے کی کوشش کی گئی، پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی قیادت میں متحد ہے، پیپلز پارٹی ارکان کے حوصلے توڑنا ان کی بھول ہے، جیالے تو آمروں کے سامنے بھی ڈٹ گئے، یہ خود کو سنبھالیں۔


خبر کا کوڈ: 811274

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811274/پی-ٹی-آئی-حکومت-کا-پہلا-سال-بھیانک-خواب-ہے-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org