0
Sunday 18 Aug 2019 21:03

مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اُٹھانے کیلئے پچاس سال لگا دیئے گئے، حاجی حنیف طیب

مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اُٹھانے کیلئے پچاس سال لگا دیئے گئے، حاجی حنیف طیب
اسلام ٹائمز۔ نظام مصطفیٰ پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو 50 سال بعد منعقد ہونے پر کشمیری عوام کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے، لیکن پوری ملت اسلامیہ کے لئے یہ بات بھی غور طلب ہے کہ مسئلہ کشمیر کے مسئلہ کو سلامتی کونسل میں اُٹھانے کے لئے پچاس سال لگا دیئے گئے، ایک لاکھ کے قریب کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں، کیا سلامتی کونسل کو بھارتی ظلم زیادتیاں دکھائی نہیں دے رہی تھی، کیا وہ اس بات کی منتظر تھی کہ لاکھوں عوام قتل و زخمی ہوجائیں، پھر وہ کوئی قدم اٹھائیں؟ اُمید ہے کہ یہ تسلسل اُس وقت تک برقرار رہے گا جب تک کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ وہ کراچی میں خلفائے راشدین مسجد میں اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ تسلسل سے جاری آج 14 روز گزر جانے کے باوجود لاکھوں کشمیری عوام کرفیو کے باعث اپنے گھروں میں قید ہیں اور علاج معالجے، روزگار سے محروم بھوک و افلاس کا شکار ہیں، بچے دودھ کے لئے بلک رہے ہیں اور والدین پریشان، جبکہ بھارتی درندے خواتین کی عصمت دری اور چادر و چار دیواری کو تار تار کررہے ہیں۔

حنیف طیب نے کہا کہ کشمیریوں کو مساجد اور مدارس میں تالے ڈال دیئے گئے ہیں، جمعہ اور پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی سے بھی محروم کردیا گیا، عیدالاضحی پر قربانی بھی کرنے نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال گزر جانے کے باوجود اقوام متحدہ کی اپنی ہی قراردادوں پر عمل درآمد نہ کرانا ظلم اور اقوام متحدہ کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح دو اسلامی ملکوں انڈونیشیا میں اس کے جزیرہ مشرقی تیمور اور سوڈان کے علاقے دارفر میں، چند مہینوں میں ریفرنڈم کرواکر عیسائی ریاستیں قائم کردی گئیں؟ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جو بہیمانہ اقدام کیا ہے، اس سے عالمی سطح پر نفرت کا پیغام دیا گیا ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں سمیت دیگر کمیونٹی کے لوگوں نے احتجاج مظاہرے کرکے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ حاجی حنیف طیب نے، بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے دنیا کو ایٹمی جنگ کی دھمکی دینے پر بھارت کو بربادی کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اس بات کو اچھی طرح جان لیں کہ پاکستان بھی ایک ایٹمی ملک ہے اور اس کا نشانہ کبھی خطاء نہیں ہوتا۔
خبر کا کوڈ : 811280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش