QR CodeQR Code

کراچی، کم عمر چور کی تشدد سے موت پر اہلخانہ کا لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج

18 Aug 2019 21:15

ورثاء نے کہا کہ مارنے کے بعد ویڈیو انٹرنیٹ نیٹ پر ڈالنے کا کیا مطلب ہے، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے۔ دوسری طرف پولیس کہہ رہی ہے کہ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، لڑکے کو چوری پکڑے جانے پر پولیس کے حوالے کیا جانا چاہیئے تھا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بہادر آباد میں گذشتہ روز کم عمر چور کی اہل علاقہ کے تشدد سے موت کے خلاف اہلخانہ نے ریحان کی لاش شاہراہ قائدین پر رکھ کر احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق بہادر آباد کراچی میں اہل علاقہ کے ہاتھوں کم عمر لڑکے کی موت پر اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے پر بدترین تشدد کیا گیا، اگر چوری کی تھی تو پولیس کے حوالے کیا جاتا۔ شاہراہ قائدین پر لڑکے کی لاش رکھ کر احتجاج کرنے والے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ملزمان کے خلاف قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ دوسری طرف ورثاء نے لڑکے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ مقتول 6 بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، بیٹے کو گرل سے باندھ کر برہنہ کر کے تشدد کی ویڈیو بنائی گئی، بیٹا بولتا رہا والدین کو بلا دو کسی کے دل میں رحم نہیں آیا۔ ورثاء نے مطالبہ کیا ہے کہ بیٹے کے قتل کے الزام میں گرفتار افراد کو سخت سزا دی جائے، جس طرح بیٹے کو تڑپا تڑپا کر مارا ہے ایسے ہی ملزمان کو مارا جائے۔

ورثاء نے کہا کہ مارنے کے بعد ویڈیو انٹرنیٹ نیٹ پر ڈالنے کا کیا مطلب ہے، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے۔ دوسری طرف پولیس کہہ رہی ہے کہ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، لڑکے کو چوری پکڑے جانے پر پولیس کے حوالے کیا جانا چاہیئے تھا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔
پولیس کے مطابق تشدد سے جاں بحق ہونے والے ریحان کا کریمنل ریکارڈ موجود ہے، ریحان بہادر آباد میں نقب زنی کی واردات میں ملوث رہا ہے، اس کے خلاف نقب زنی کی واردات کا مقدمہ درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریحان کے خلاف مقدمہ 27 جنوری کو درج کیا گیا تھا، ریحان سے 17 ہزار روپے، لیڈیز پرس اور موبائل فون برآمد ہوا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 811285

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811285/کراچی-کم-عمر-چور-کی-تشدد-سے-موت-پر-اہلخانہ-کا-لاش-سڑک-رکھ-کر-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org