0
Sunday 18 Aug 2019 21:20

عمران خان نے بھی اپوزیشن کو مودی کی طرح اعتماد میں نہیں لیا، حافظ حسین احمد

عمران خان نے بھی اپوزیشن کو مودی کی طرح اعتماد میں نہیں لیا، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کی سازش سے نریندر مودی نے جس طرح بھارتی اپوزیشن کو لاعلم رکھا، اسی طرح کشمیری مظلوم عوام کی داد رسی کے حوالے سے عمران خان نے پاکستانی اپوزیشن کو مودی کی طرح اعتماد میں نہیں لیا۔ اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ اس وقت حکومت اور اپوزیشن کو کشمیر کے حوالے سے سیسہ پلائی دیوار بن جانا چاہئے اور اس میں اصل ذمہ داری حکومت کی ہے کہ وہ پہل کرتی اور اپوزیشن کے خلاف اپنی روائتی گولا باری کے حوالے سے سیز فائر کرتی اور اپوزیشن کو صورتحال کے متعلق بریفنگ دی جاتی، لیکن بدقسمتی سے عمران خان اور اس کے رفقا انتقامی گھوڑے سے نہیں اتر سکے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ کل اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، اس سے پہلے اب بھی وقت ہے کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف لفظی گولا باری بند کرے، جس کی توقع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اپوزیشن دفاعی اداروں کے ساتھ ہے اور آخری دم تک رہے گی، لیکن اگر حکومت اپنے مخاصمانہ انداز نہیں بدلتی تو کم از کم دفاعی ادارے ہی اس موقع پر پہل کریں اور اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو صورتحال کے بارے میں اعتماد لے، کیونکہ جنگ قوم کے مکمل اتحاد سے جیتی جا سکتی ہے۔ اس لیے دفاعی ادارے حکومت اور اپوزیشن کو ایک چھت کے نیچے بیٹھا کر بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے تمام پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں میں سے کوئی اپنے آپ کو عقل کل نہ سمجھے، ورنہ اس کا خمیازہ خدانخواستہ پوری قوم کو بھگتنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 811286
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش