QR CodeQR Code

کشمیر ہماری شہ رگ، دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی، چودھری سرور

18 Aug 2019 21:58

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اب بھی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کشمیریوں کی آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف کوئی بھی ’’مس ایڈونچر‘‘ خود بھارت کیلئے تباہی ہوگا، بزدل مودی نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا ہے، ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی کھڑے ہیں، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اور 22 کروڑ عوام ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے متحد ہیں، کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی طاقت اس کو ہم سے جدا نہیں کر سکتی۔ گورنر ہاؤس لاہور میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے 10 رکنی وفد سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارت اگر کوئی حرکت کرے گا تو اس کو پہلے سے بھی زیادہ بھر پور جواب دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے آئے روز کوئی نیا ڈرامہ کرتا ہے مگر آج سلامتی کونسل سمیت سب یہ کہہ رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، میں سمجھتا ہوں کہ بھارت اپنے تمام منصوبوں میں ناکام ہو چکا ہے اور اس کے پاس اب بھی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کشمیریوں کی آزادی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 811289

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811289/کشمیر-ہماری-شہ-رگ-دنیا-کی-کوئی-طاقت-جدا-نہیں-کر-سکتی-چودھری-سرور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org