0
Sunday 18 Aug 2019 23:00

بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا، سیلاب کا خدشہ

بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا، سیلاب کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع سیلابی پانی چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان میں ستلج کے اطراف آبادیوں کو خطرات لاحق ہوگئے، دریائے ستلج میں 1988ء کے بعد یہ ایک بڑا سیلاب ہوگا جس سے ہزاروں ایکڑ زمین، سیکڑوں دیہات متاثر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں سیلابی پانی چھوڑے جانے کے باعث اس میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہوگیا، خود بھارتی علاقے میں دریائے ستلج کے اطراف 61 دیہات خالی کروا لیے گئے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیے جانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بھارت نے روپر ہیڈورکس سے دو لاکھ کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے اور ہر ایک گھنٹے بعد پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کا سلسلہ اتوار کی شام سے شروع ہوا جورات گئے تک جاری رہے گا۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دریائے ستلج میں 1988ء کے بعد یہ ایک بڑا سیلاب ہوگا جس سے ہزاروں ایکڑ زمین، سیکڑوں دیہات متاثر ہوں گے۔

پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے اتوار کی صبح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 7741 کیوسک بتایا تھا جوکہ نارمل سطح ہے۔ اس سے قبل انڈس وآٹرکمیشن کی طرف سے یہ بیان سامنے آچکا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان میں آنے والے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جارہیں اور اب تک دیگر ذرائع سے ہی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے کی پیش گوئی کی ہے تاہم ابھی تک سیلاب سے متعلق کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 811292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش