QR CodeQR Code

مودی کو چیلنج کرتا ہوں، کرفیو اٹھائیں اور ریفرنڈم کروائیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا، شاہ محمود قریشی

18 Aug 2019 23:18

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اتنا سادہ نہیں، مسئلہ کشمیر ون ڈے نہیں ٹیسٹ میچ ہے، بھارتی وزیر دفاع جیسا وزیر اگر کسی ملک کا ہو تو اس گلشن کا خدا ہی حافظ ہے، ہم نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے، مودی سرکار نے اپنا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کا آج ایک سال مکمل ہوگیا، سال کے مکمل ہونے پر ہر وزیر نے اپنی ایک سالہ کارکردگی وزیراعظم کے سامنے پیش کی ہے، ان شاء اللہ بہت جلد اسے قوم کے سامنے لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ابھی ہمیں اسلامی اتحاد فوج درکار نہیں، اس کی ٹرمز مختلف ہیں، کشمیر کی جدوجہد آج ایک نئی نسل میں منتقل ہوگئی ہے، اس موقع پر اُنہوں نے پاکستانی اپوزیشن سے کہا کہ براہ کرم کشمیر پر کوئی سیاست نہ کرے، اس وقت ہر کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے، ایسا نہ ہو وہ مایوس ہو جائے، آج بھارت اندر سے ٹوٹ رہا ہے، وہ چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے ذریعے کرتارپور کوریڈور پر بھی کشیدگی پھیلائی جائے، لیکن جو بھی ہو کرتارپور کوریڈور پر کام جاری رہے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اقوام عالم اور مسلم امہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ بھارتی مظالم کو سامنے لائیں، مودی کو چیلنج کرتا ہوں، کرفیو اٹھائیں اور آج ریفرنڈم کروائیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، کشمیر کا مسئلہ اتنا سادہ نہیں، مسئلہ کشمیر ون ڈے نہیں ٹیسٹ میچ ہے، بھارتی وزیر دفاع جیسا وزیر اگر کسی ملک کا ہو تو اس گلشن کا خدا ہی حافظ ہے، ہم نے سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کی ہے، مودی سرکار نے اپنا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، آج بھارت کی مسلمان سمیت اقلیتی برادری عدم تحفظ کا شکار ہے، آج کشمیر کے ہر بچے نے بھارت کے اقدام کو غیر آئینی قرار دیا ہے، آج بھارت کے اندر سے بھی مودی سرکار کیخلاف آوازیں اٹھنا شروع ہوگئیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 811294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811294/مودی-کو-چیلنج-کرتا-ہوں-کرفیو-اٹھائیں-اور-ریفرنڈم-کروائیں-دودھ-کا-پانی-ہوجائیگا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org