QR CodeQR Code

ملتان، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ''ہر بشر دو شجر'' مہم کا آغاز، صوبائی وزیر اختر ملک نے افتتاح کیا

18 Aug 2019 23:48

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو نے کہا کہ ہر بشر دو شجر مہم میں ایک دن میں ڈویژن میں 2 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے۔ ڈویژن بھر میں فری پودوں کی تقسیم کیلئے متعدد پوائنٹ بنائے گئے ہیں جبکہ مون سون سیزن میں 31 اکتوبر تک 4 لاکھ 60 ہزار پودے لگائے جائینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملتان ڈویژن میں ''ہر بشر دو شجر ''مہم کا آغاز کر دیا گیا، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا، جبکہ کمشنر ملتان افتخار علی سہو، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی، ممبران صوبائی اسمبلی سلیم لابر، سبین گل، چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ، چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار اس موقع پر موجود تھے، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے شجرکاری پر توجہ نہیں دی، وطن عزیز میں گرین کور میں اضافہ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ نہر نوبہار کے کنارے 2000 پودے لگائے جائیں گے، نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق شجرکاری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، شہری اپنے گھر اور دفتر میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں، کیونکہ ماحولیاتی تغیر ہم سب کا مسئلہ ہے، انہوں نے کہا کہ شجرکاری کیساتھ پودوں کی حفاظت بارے نظام وضع کیا جا رہا ہے، جس سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔ کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو نے کہا کہ ہر بشر دو شجر مہم میں ایک دن میں ڈویژن میں 2 لاکھ پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا گیا ہے، ڈویژن بھر میں فری پودوں کی تقسیم کیلئے متعدد پوائنٹ بنائے گئے ہیں جبکہ مون سون سیزن میں 31 اکتوبر تک 4 لاکھ 60 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب شجرکاری کیلئے سرکاری محکموں کو بھی پودے مہیا کیے گئے ہیں اور شجرکاری میں مطلوبہ نتائج نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکموں کا آڈٹ کیا جائے گا، کمشنر افتخار سہو نے مزید بتایا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر سول سوسائٹی کے تعاون سے تیار درخت لگائے جا رہے ہیں، جس سے شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ ملتان ضلع کو کلین اینڈ گرین بنانا میرا عزم ہے، ضلع میں 78000 پودے تقسیم کیے جاچکے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں 10 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی ضلع ملتان کی آٹھ نرسریوں سے شہری پودے حاصل کرکے شجرکاری می اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، عامر خٹک نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو پودے مہیا کیا جا چکے ہیں اور سب شجرکاری میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 811298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811298/ملتان-وزیراعظم-عمران-خان-کے-ویژن-مطابق-ہر-بشر-دو-شجر-مہم-کا-آغاز-صوبائی-وزیر-اختر-ملک-نے-افتتاح-کیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org