0
Monday 19 Aug 2019 16:16

کشمیر پر دو طرفہ مذاکرات کی بات کرنیوالے ممالک پاکستان کیساتھ مکاری کر رہے ہیں، اشرف جہانگیر قاضی

کشمیر پر دو طرفہ مذاکرات کی بات کرنیوالے ممالک پاکستان کیساتھ مکاری کر رہے ہیں، اشرف جہانگیر قاضی
اسلام ٹائمز۔ سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی نے کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مذاکرات کے امکان کو بالکل ختم کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اشرف جہانگیر قاضی نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات کی بات کرنے والے ممالک مکار ہیں کہ وہ جانتے ہیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے یہ راستہ ہی بند کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے، بھارت کی اس پر دنیا بھر میں رسوائی بھی ہورہی ہے لیکن وہ طاقت کے بل بوتے پر اب بھی یہی کر رہا ہے۔ اشرف جہانگیر قاضی نے کہا کہ ہمیں پہلے چھوٹی سے کامیابی اقوام متحدہ سے ملی، ہمیں اب بھی اقوام متحدہ کے پاس ہی جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع اور کشمیریوں کی حمایت ایک ہی چیز ہے، اگر ہم نے اس مشکل وقت میں ان کی بھرپور مدد نہ کی تو بڑی مشکل ہوگی، پاکستان عالمی سطح پر معذور ہے، لیکن اس کے باوجود ہمیں عملی طور پر ان کا ساتھ دینا ہوگا۔ سابق سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت کو پوری وادی میں کہیں بھی حمایت نہیں ملی ہے اس لیے اپنی حمایتی قیادت کو بھی نظر بند کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، بھارتی اندرونی معاملہ قرار دے کر خود سے اسے کسی طرح حل نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی شروع کردی تو پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورتحال بھی آسکتی ہے۔ اشرف جہانگیر قاضی کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حکومت ختم کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ وہاں بھی صرف وہ ہندوؤں کا راج چاہتا ہے جس کے خلاف کشمیری بھرپور انداز میں مزاحمت کررہے ہیں۔ اشرف جہانگیر قاضی 2002ء سے 2004ء تک امریکہ میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں، اس سے قبل وہ بھارت میں ہائی کمشنر کی ذمہ داری بھی ادا کرچکے ہیں۔ وہ روس، چین، شام اور مشرقی جرمنی میں بھی ملک کے لیے سفارت کاری کرچکے ہیں۔ انہیں سابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوفی عنان نے عراق میں اقوام متحدہ مشن کا سربراہ جبکہ سابق سیکرٹری اقوام متحدہ بان کی مون نے سوڈان میں خصوصی نمائندہ مقرر کیا۔
خبر کا کوڈ : 811395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش