0
Monday 19 Aug 2019 18:22

پختونخواہ میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ، وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا

پختونخواہ میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ، وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے بے قابو پھیلاؤ پر وزیراعظم عمران خان نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس بے قابو ہونے اور پولیو کے بے شمار کیسز سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے بدھ کو سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبے کے چیف سیکرٹری کو شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو بابر بن عطاء شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں وزیر صحت اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، رواں برس اب تک ملک میں 53 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کئے گئے جن کی تعداد 32 ہے، 9 کیسز قبائلی علاقوں میں، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 3 کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ بلوچستان سے بھی 4 پولیو کیسز رپورٹ کئے جاچکے ہیں۔ گذشتہ روز پختونخواہ کے شہر بنوں میں مفاد پرست تاجروں نے ٹیکس سے بچنے کیلئے پولیو مہم کے خلاف سازشیں کرتے ہوئے انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے انسداد پولیو ڈاکٹر بابر بن عطاء نے متعلقہ حکام کو تاجروں سے رابطے اور مذاکرات کا ٹاسک دیا، مذاکرات میں بائیکاٹ کا اعلان کرنے والے تاجروں کو جب انسداد پولیو مہم کی حساسیت کے حوالے سے علم ہوا تو ان میں سے بیشتر نے بائیکاٹ کا اعلان واپس لینے کا فیصلہ کیا۔ تین تاجر تنظیموں نے بائیکاٹ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ معصوم بچوں کے نام پر بلیک میلنگ اور ہڑتال نہیں کی جائے گی، ذاتی مفادات کیلئے مہم کو نشانہ بنانا صریحاً غلط ہے۔
خبر کا کوڈ : 811413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش