QR CodeQR Code

خطے میں امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کا گھناؤنا گٹھ جوڑ بری طرح شکست سے دوچار ہوا ہے، سید صفی الدین

20 Aug 2019 02:51

حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے شہید کمانڈر الحاج ابو محمد سلمان کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مزاحمت کیخلاف امریکہ اپنے حواریوں سمیت کسی بھی قسم کی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، لیکن وہ اس حقیقت کو قبول کرنے کو بھی تیار نہیں جبکہ ایک دن وہ بھی آئیگا جب امریکہ اس حقیقت کو قبول کرنے پر مجبور ہر جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حجت الاسلام سید ہاشم صفی الدین نے شہید کمانڈر ابراہیم محمود الحاج (الحاج ابو محمد سلمان) کی یادگاری تقریب میں شریک عوامی اور قومی و سیاسی پارٹیز کے نمائندوں اور شہید کمانڈر کے اہلخانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی مزاحمت کی طاقت ایک حقیقی طاقت ہے، کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ متصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر موقع پر اسلامی مزاحمت کو کامیاب کرتا ہے۔ حجت الاسلام ہاشم صفی الدین نے اسلامی مزاحمت کو ایک طاقتور، متحد اور ہمآہنگ جبکہ امریکہ، سعودی عرب اور صیہونی رژیم کے اتحاد اور ان کے حمایتیوں کو پے در پے ناکامیوں کی وجہ سے مایوس شدہ بلاک قرار دیا۔

حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ اسلامی مزاحمت کی واضح خصوصیات میں سے ایک باتوں، پراپیگنڈوں اور توہم کے مقابلے میں واقعیت اور حقیقت پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مزاحمت کی طاقت اور صلاحیت ایک حقیقی طاقت ہے، جبکہ لبنان کے ہی بعض افراد نے اس حقیقت کی طرف توجہ نہیں کی کہ اسلامی مزاحمت خدا کی کتنی بڑی نعمت اور طاقت نیز لبنان کی حفاظت کے لئے کتنی بڑی ضمانت ہے۔ بعض دوسرے ممالک بھی علاقائی، خطے اور بین الاقوامی مقام کے حصول کی خاطر اندھا دھند پیسہ خرچ کر رہے ہیں لیکن یہ اسلامی مزاحمت ہی ہے جو پورے خطے میں لبنان کی سکیورٹی، امن و سکون، طاقت، اقتدار اور اعلیٰ مقام کی باعث ہے، البتہ یہ اور بات ہے کہ بعض لوگ اس مسئلہ کی اہمیت کو سمجھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے یا اس سے بےخبر ہیں اور یا پھر اسلامی مزاحمت سے حسد کرتے ہیں۔

سید صفی الدین نے کہا کہ اسلامی مزاحمت لبنان کے لئے اللہ تعالیٰ کی اہم ترین اور عظیم ترین نعمت ہے، جو لبنان پر دوسرے ممالک کی جارحیت کے سامنے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے اور ملک کا خصوصاً غاصب صیہونی رژیم کیطرف سے لاحق کئے گئے خطرات سے دفاع کرتی ہے۔ اسلامی مزاحمت کی ذمہ داریوں میں سے ایک اہم ترین داری صیہونی دشمن پر فتحیابی کے تمدن کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے، جبکہ یہ مقصد شکست پر مبنی تمدن کے فروغ پا جانے کے بعد بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ حجت الاسلام سید صفی الدین نے کہا کہ اسلامی مزاحمت نے صیہونیوں کی آگاہی اور ان کے شعور کو اپنا ہدف قرار دیا ہے اور اس طرح سے اسلامی مزاحمت نے ان کے وجود کی گہرائیوں تک رسائی حاصل کر لی ہے اور اس بات کا باعث بنی ہے کہ وہ غصب شدہ زمینوں پر خوف و وحشت کے عالم میں زندگی گزاریں۔

حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حجت الاسلام سید صفی الدین نے تمام لبنانیوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہ وہ اسلامی مزاحمت کو نہ صرف اپنے اور اپنی آئندہ نسلوں کے لئے بلکہ پورے لبنان کے لئے اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت اور مصلحت سمجھیں، کہا کہ جو بھی اس نظریئے کے علاوہ کوئی اور نظریہ اپنائے گا، نقصان اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان پر پابندیاں عائد کرنے اور لبنان کو دھمکانے کے بارے میں امریکی حکام کے بیانات کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ ان کی باتوں کی پروا نہ کریں، کیونکہ امریکہ عملی طور پر کچھ بھی تبدیل نہیں کرسکتا۔ امریکہ نے بارہا کوشش کی ہے لیکن ہمیشہ شکست کھائی ہے۔ امریکہ لبنان کے بارے میں اپنی سیاست لاگو کرنے کے قابل کبھی نہ ہوگا۔

جو بھی یہ سوچ رہا ہو کہ امریکہ اپنے دہاؤ، اپنی موجودگی، سیاست، بیانات، دھمکیوں اور اسرائیل کی حمایت کے ذریعے لبنان کو اپنی خواہشات پر چلنے پر مجبور کر دے گا، غلطی پر ہے، کیونکہ لبنان اور حزب اللہ کے بارے میں امریکی موقف سراسر شکست اور ناامیدی پر مبنی ہے۔ انہوں نے جون 2006ء کی جنگ میں شکست کھائی اور پھر انہوں نے حزب اللہ کا سیاسی محاصرہ کرنے کی کوشش کی، لیکن پھر شکست کھا گئے۔ اس کے بعد انہوں نے کوشش کی کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں اور اس مقصد کی خاطر انہوں نے شام، ایران اور حتی پورے خطے پر اقدامات اٹھائے، لیکن پھر بھی وہ ناکامی سے دوچار ہوئے۔ امریکہ کوئی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، لیکن وہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے کا ارادہ بھی نہیں رکھتا، البتہ وہ دن بھی ضرور آئے گا، جب وہ اس واقعیت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔

حجت الاسلام سید صفی الدین نے کہا کہ ہمارا بلاک یعنی اسلامی مزاحمت کا بلاک نہ صرف ایک طاقتور اور متحد بلاک ہے بلکہ عقلی، احساساتی، تسلیحاتی، سیاسی اور اجتماعی لحاظ سے بھی انتہائی کامل ہے۔ یہ بلاک ایک موقف اور ایک منطق کے ساتھ ایک محاذ پر ایک ہی رہبر کی اقتداء میں پوری دنیا میں مبارزہ کر رہا ہے، لیکن دوسری طرف امریکہ-سعودیہ-اسرائیل اور ان کے حمایتیوں کا بلاک پے در پے ناکامیوں کے باعث سراسر مایوسیوں کا بلاک ہے۔


خبر کا کوڈ: 811518

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811518/خطے-میں-امریکہ-اسرائیل-اور-سعودی-عرب-کا-گھناو-نا-گٹھ-جوڑ-بری-طرح-شکست-سے-دوچار-ہوا-ہے-سید-صفی-الدین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org