0
Tuesday 20 Aug 2019 09:49

امریکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے، راجہ فاروق

امریکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ امریکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ امریکہ سلامتی کونسل کے اہم ملک کے طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مغائر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا فیصلہ واپس کروائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے لیے آگے بڑھے۔ نریندر مودی کی شکل میں ہٹلر کا دوسرا جنم ہوا ہے جس کا نشانہ مظلوم کشمیری ہیں اور اگر اسے نہ روکا گیا تو وہ بتدریج مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں کی نسل کشی کے منصوبے کو بڑھائے گا۔ لائن آف کنٹرول پر معصوم بچوں کو سنائپر سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، سویلین کو شہید کیا جا رہا ہے۔ اس وقت میں پوری ریاست جموں و کشمیر کا منتخب وزیراعظم ہوں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار فرینڈز آف کشمیر کے زیراہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت وزیراعظم راجہ فاروق  نے کی جبکہ مہمان خصوصی امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس زبردستی فوجی بل بوتے پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں ہے اس لئے بھارت کی جانب سے 5 اگست کو کئے جانے والے اقدامات سراسر غیر قانونی اور عالمی ادارے کی قراردادوں کے برخلاف ہیں۔ انہوں نے سلامتی کونسل میں کشمیر پر بحث کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سلامتی کونسل کے پی فائیو ملکوں کو چاہیے کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکیں۔ انہوں نے کہا بھارتی فوج کشمیر میں genocide میں ملوث ہے گذشتہ پندرہ دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، موبائل سروس حتی کہ لینڈ لائن فون تک بند ہیں، اخبارات تک بند ہیں، پوری وادی ایک جیل کا منظر پیش کر رہی ہے نہ کوئی اندر آ سکتا ہے نہ کسی کو باہر جانے کی اجازت ہے۔

انہوں نے امریکی کمیونٹی، پالیسی ساز اداروں اور اشخاص پر زور دیا کہ وہ بھارت کی فوجی دھونس کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر سے محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا بھارت آزادکشمیر میں شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنا رہا ہے جو ممنوع ہیں۔ انہوں نے کہا یہ سب بھارت مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلیے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ وادی میں ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے مگر ہم اسے ایسا کرنے کی قطعا اجازت نہیں دینگے۔ وزیراعظم نے کہا امریکہ سمیت عالمی برادری بھارت کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لے جس کے وزیر دفاع نے ایٹمی ہتھیار تک پہلے استعمال کرنے کا اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے اہم ملکوں کا دروازہ اسی لئے کھٹکھٹا رہے ہیں کہ دنیا کو بھارت کے اشتعال انگیز اور جارحانہ اقدامات سے آگاہ کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 811548
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش