QR CodeQR Code

سی پی او ملتان کی مجالس اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات، سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال

20 Aug 2019 17:43

محمد زبیر دریشک کا کہنا تھا کہ مجالس و جلوس کے دوران دوسرے مسالک کا احترام کیا جائے گا، فرقہ وارانہ تقاریر پر پابندی ہے، جن علمائے کرام اور ذاکرین پر ضلع بندی اور زبان بندی ہے، انکو مجالس پڑھنے کیلئے مدعو نہ کیا جائے، محرم الحرام میں وال چاکنگ و اسلحہ کی نمائش پر سختی سے پابندی پر عمل کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس لائن ملتان میں سی پی او ملتان محمد زبیر دریشک نے محرم الحرام کے حوالے سے مجالس و جلوس کے لائسنسداران اور امن کمیٹی کے ممبران کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کے متعلق میٹنگ کی، میٹنگ کے دوران تمام لائسنسداران کے ساتھ مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔ سی پی او ملتان نے تمام لائسنسداران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، منتظمین امام بارگاہوں کے باہر وینٹیج پوائنٹ تعمیر کروائیں، تاکہ حفاظت کے ساتھ ڈیوٹی کو سرانجام دیا جا سکے، منتظمین وولینٹئیرز مہیا کریں گے، تاکہ دوران پروگرام پولیس ملازمان کو اپنے بندوں کی شناخت کروا سکیں، سی پی او نے کہا کہ پولیس افسران لاؤڈ اسپیکر کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے، مجالس و جلوس کے دوران دوسرے مسالک کا احترام کیا جائے گا، فرقہ وارانہ تقاریر پر پابندی ہے، جن علمائے کرام اور ذاکرین پر ضلع بندی اور زبان بندی ہے، ان کو مجالس پڑھنے کے لئے مدعو نہ کیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں وال چاکنگ و اسلحہ کی نمائش پر سختی سے پابندی پر عمل کیا جائے گا، منتظمین مجالس و جلوسوں کے آغاز سے اختتام تک ویڈیوگرافی کو یقینی بنائیں، تمام راستوں کی چیکنگ کرکے کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے، جہاں ضروری ہو، سرچ اینڈ سویپ آپریشن کیا جائے گا، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے، سبیل لگانے والوں کے کارڈ جاری کئے جائیں گے، منتظمین مجالس و جلوسوں کے انعقاد کے دوران وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں، تاکہ ڈیوٹی بہتر طریقے سر انجام دی جا سکے، تمام لائسنسداران نے سی پی او ملتان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی کہ مجالس اور جلوس کے مقررہ روٹس اور اوقات میں آغاز و اختتام کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 811674

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811674/سی-پی-او-ملتان-کی-مجالس-اور-امام-بارگاہوں-کے-منتظمین-سے-ملاقات-سکیورٹی-انتظامات-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org