0
Tuesday 20 Aug 2019 21:33

میئر کراچی کے 3 سال کراچی کی تاریخ کے سیاہ ترین تین سال ثابت ہوئے، وقار مہدی

میئر کراچی کے 3 سال کراچی کی تاریخ کے سیاہ ترین تین سال ثابت ہوئے، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے میئر کراچی وسیم اختر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کے بطور میئر ابتک گزرے ہوئے 1095 دن کراچی کی تاریخ کے سیاہ ترین تین سال ثابت ہوئے ہیں، ایم کیو ایم کے نااہل میئر نے اپنی نااہلی سے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی، اپنی تین سالہ میئر شپ میں کراچی کے مسائل میں 300 فیصد تک اضافہ کر دیا۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ میئر صاحب تو کے ایم سی کے محکموں کی حالت تک درست نہیں کرسکے، آج عباسی شہید اسپتال جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کرایا تھا، موجودہ کے ایم سی کے میئر نے اس کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے، فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں دل کے امراض کا اسپتال میئر صاحب کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے میئر کی مدت اگلے سال تک ختم ہو رہی ہے اور سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی پر الزامات لگا کر اپنی نااہلی چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری یہ بات اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ایم کیو ایم کے عزائم کیا ہیں، ایم کیو ایم کو کراچی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کیلئے کروڑوں روپے کے ایم سی کو دیئے، لیکن کے ایم سی نے نالے تک صاف نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے کراچی کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں اور عوام کی دی ہوئی نوکری حلال کریں۔
خبر کا کوڈ : 811726
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش