QR CodeQR Code

کشمیر تاریخی و جغرافیائی طور پر سندھ کا حصہ ہے، یہ بھارت کا کبھی حصہ نہیں رہا، اسد اللہ بھٹو کا دعویٰ

20 Aug 2019 21:43

جامشورو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت کی دس لاکھ فوج نے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کردیا ہے، اس لئے اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ نہ صرف بھارتی جارحیت کا خاتمہ کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے میں کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر تاریخی و جغرافیائی طور پر سندھ کا حصہ ہے، یہ بھارت کا کبھی بھی حصہ نہیں رہا ہے، ہندوستان کے حالیہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی شدید خلاف ورزی اور عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں، لہذا مودی حکومت کیخلاف ایک مؤثر و جارحانہ سفارتی سرگرمیوں کی اشد ضرورت ہے جبکہ حکومتی پالیسی مبہم و سرد مہری کا شکار ہے جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتی، بھارت کی آبی جارحیت کی سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں فوری طور پر پورے ملک خاص طور پر سندھ کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی اور رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے ہمراہ تھانہ بولا خان پریس کلب جامشورو میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے متعلق کافی عرصہ پہلے اطلاعات کے باوجود صوبائی وشہری حکومتوں نے اس سے نمٹنے کیلئے غفلت برتی جس کے نتیجے میں کراچی سمیت پورے صوبے کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شہری و صوبائی حکومتیں ایک دوسرے پر الزامات لگاکر وقت گذارنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔


خبر کا کوڈ: 811730

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811730/کشمیر-تاریخی-جغرافیائی-طور-پر-سندھ-کا-حصہ-ہے-یہ-بھارت-کبھی-نہیں-رہا-اسد-اللہ-بھٹو-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org