QR CodeQR Code

کراچی، ایم ڈبلیو ایم ضلع وسطی کے تحت جشن عید غدیر و چراغاں کا انعقاد

20 Aug 2019 22:07

جشن عید غدیر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آج مولا علی (ع) کے ماننے والوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو میدان خم غدیر میں بدل دیا ہے، جہاں دیکھیں نور ولایت کے پروانے اعلان ولایت پر جشن منا رہے ہیں اور ملک کے گوشے گوشے کو نور ولایت علی ابن ابیطالب (ع) سے منور کررہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عید سعید غدیر کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین ضلع وسطی کراچی کے زیر اہتمام جشن عید غدیر کا انعقاد علامہ رشید ترابی پارک انچولی بلاک 20 میں کیا گیا۔جشن کا آغاز جاسر عباس جعفری کی تلاوت حدیث کساء سے ہوا، جشن میں معروف منقبت خواں حضرات نے بارگاہ مولا امیر المومنین علی ابن ابیطالب (ع) میں ہدیہ عقیدت پیش کیا، جشن کے موقع پر چراغاں اور آتش بازی کے علاوہ بچوں کے لئے جھولوں، بچیوں کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ سمیت عیدی کا بھی خصوصی انتظام تھا، جس میں بچوں اور بچیوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ جشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ ولایت ایک ایسا موضوع کہ اللہ سبحان تعالیٰ نے سب سے زیادہ جس شئے کے طرف دعوت دی ہے اور لوگوں کو بلایا ہے وہ ولایت اہلبیت (ع) ہے، اللہ تعالیٰ نے ولایت ایک ایسا جُز رکھا ہے کہ جس کے بغیر کوئی عبادت قبول نہیں ہوتی، ولایت روح عبادت ہے، ولایت روح نماز ہے، ولایت روح روزہ ہے، ولایت روح حج ہے، لہذا جتنی بھی عبادتیں ہیں ان کی روح ولایت مولائے کائنات امام علی (ع) اور ولایت اہلبیتؑ ہے۔ علامہ سید علی انور جعفری نے مزید کہا کہ غدیر ایک ایسا دن ہے کہ جسے صادق آل محمد، امام جعفر صادق (ع) و دیگر آئمہ معصومین (ع) نے عید اللہ اکبر یعنی سب سے بڑی عید قرار دیا ہے، یعنی عید الفطر اور عید الاضحی بھی اگر عید بنی ہیں تو بھی عید غدیر کی بدولت ہے۔

علامہ مبشر حسن نے جشن عید غدیر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک پروردگار نے کائنات کی خلقت سے قبل اپنی حبیب حضرت محمد مصطفیٰ (ص)، مولا علی (ع) اور بی بی فاطمۃ الزھراء سلام اللہ علیہا کے نور کو خلق کیا تھا، یعنی خالق کائنات نے اس کائنات میں موجود ہر شئے اور اپنے پیغمبروں کی خلقت سے پہلے حضرت محمد (ص) و اہلبیت محمد (ع) کے نور کو خلق کیا اور اسی نور کی بدولت آج پوری کائنات روشن ہے۔ علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ آج مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان سمیت تمام شیعہ جوانوں، ملی اداروں، ماتمی انجمنوں، مساجد و امام بارگاہوں کے ذمہ داران نے ملک کے گوشے گوشے کو نور ولایت علی ابن ابیطالب (ع) سے منور کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مولا علی (ع) کے ماننے والوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو میدان خم غدیر میں بدل دیا ہے، جہاں دیکھیں نور ولایت کے پروانے اعلان ولایت پر جشن منا رہے ہیں۔ جشن کے اختتامی مرحلے می علامہ صادق جعفری، ظہیر حیدر، زین رضا رضوی، محمد کاظم اور علامہ ملک محمد عباس نے عید غدیر کی مناسبت سے بچوں میں عیدی تقسیم کی، اس دوران آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ بعدازاں مومنین و مومنات کی خدمت میں نیاز مولائے کائنات (ع) پیش کی گئی


خبر کا کوڈ: 811733

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811733/کراچی-ایم-ڈبلیو-ضلع-وسطی-کے-تحت-جشن-عید-غدیر-چراغاں-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org