0
Wednesday 21 Aug 2019 11:32

بھارت کشمیر میں گرفتار افراد کو فوری رہا کرے اور بنیادی آزادیاں بحال کرے، امریکی محکمہ خارجہ

بھارت کشمیر میں گرفتار افراد کو فوری رہا کرے اور بنیادی آزادیاں بحال کرے، امریکی محکمہ خارجہ
اسلام ٹائمز۔ امریکا نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں گرفتار افراد کو فوری رہا کرے اور بنیادی آزادیاں بحال کرے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر عہدے دار نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا داخلی معاملہ ہے مگر اس کے مضمرات ہیں جو بھارتی سرحد سے باہر گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سرحد پار دہشت گردی سے متعلق بھارت کے خدشات سے آگاہ ہے  لیکن زور دیتا رہے گا کہ جتنا جلد ممکن ہو بھارت خطے میں صورت حال معمول پر لائے۔ امریکی سینیئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ امریکا ایک تنازع کے ہوتے ہوئے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان سیکیورٹی کے معاملات کو کبھی سرسری نہیں لیتا، یہ تنازع دونوں کو تقسیم کر رہا ہے اور کئی دہائیوں سے تقسیم کر رکھا ہے۔ کشمیر کا تنازع عالمی عدالت میں لے جانے کے پاکستان کے فیصلے سے متعلق امریکی عہدے دار نے کہا کہ پاکستان اپنے فیصلے میں خود مختار ہے۔

لیکن امریکا کا خیال ہے کہ کثیر الجہتی بنانے سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد نہیں ملے گی بلکہ اس پر دوطرفہ بات چیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فریقوں کی جانب سے اقدامات کو سمجھنے اور شفافیت کی ضرورت ہے اور امریکا طویل عرصے سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات پر زور دیتا رہا ہے۔ اس موقع پر امریکی عہدے دار نے بھارت سے وادی میں گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا اور بنیادی آزادیاں بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر مرکوز ہے لہذا جموں و کشمیر میں سیاسی معمولات بحال کیے جائیں چاہے وہ ابتدا میں بطور وفاقی علاقہ ہو لیکن بعد میں ریاست کے طور پر ہونے چاہئیں۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بھی واضح کردی کہ دونوں فریقین کے درمیان صدر ٹرمپ ثالثی نہیں کررہے بلکہ ثالثی کی پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے یہ عہدے دار حال ہی میں خطے کا دورہ کر کے واپس لوٹے ہیں۔ انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ امریکا کو مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں اور مسلسل پابندیوں پر گہری تشویش ہے۔ امریکا انفرادی حقوق کے احترام، قانونی طریقہ کار پر عمل اور تمام فریقوں پر مشتمل جامع مذاکرات پر زور دیتا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 811824
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش