QR CodeQR Code

پنجاب حکومت کا علماء اور دینی مدارس کے طلبہ کو صحت کارڈ دینے کا اعلان

21 Aug 2019 20:40

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے حافظ طاہر اشرفی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سکیم کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں تمام مکاتب فکر کے نمایاں علماء کرام کی کانفرنس منعقد ہوگی، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خطاب کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے ملاقات کی اور ملکی صورتحال، صوبے میں مذہبی ہم آہنگی اور دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے طاہر اشرفی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے علماء وآئمہ کرام، خطبا، موذن اور مدارس کے طلبہ کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں صحت انصاف کارڈ سکیم کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات طلب کرلی ہیں۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں تمام مکاتب فکر کے نمایاں علماء کرام کی کانفرنس منعقد ہوگی، جس سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار خطاب کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لئے علماء سے رابطے بہتر اور موثر بنائے جا رہے ہیں، محرم الحرام میں صوبائی، ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر علماء سے مشاورت کی جائے گی، متحدہ علماء بورڈ کو موثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، انتظامی اور سماجی امور میں علماء کرام کی مشاورت کا خیر مقدم کیا جائے گاـ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب علماء اور مشائخ عظام کی رائے کو ہمیشہ مقدم رکھتی ہے، انتہا پسندی کیخلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں علمائے کرام کا کردار لائق تحسین ہے۔


خبر کا کوڈ: 811912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811912/پنجاب-حکومت-کا-علماء-اور-دینی-مدارس-کے-طلبہ-کو-صحت-کارڈ-دینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org