QR CodeQR Code

پاکستان میں پہلی مرتبہ 5G سروس کا کامیاب تجربہ

21 Aug 2019 23:08

چینی موبائل کمپنی زونگ نے پہلی مرتبہ پاکستان میں 5G کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے،کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق زونگ فائیو جی سروس کا تجربہ کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔  چینی موبائل کمپنی زونگ نے پہلی مرتبہ پاکستان میں 5G کا کامیاب تجربہ کر لیا، کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق زونگ فائیو جی سروس کا تجربہ کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے، جو مستقبل میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اس کی آزمائش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ فائیو جی نیٹ ورک موجودہ موبائل انٹرنیٹ کنکشن سے سو گنا جبکہ گھروں کے براڈ بینڈ کنکشن سے دس گنا تیز ہوگا۔ گزشتہ سال موبائل ورلڈ کانگریس میں سام سنگ نے فائیو جی ہوم روٹر کو پیش کیا تھا جس کی رفتار 4 گیگا بائٹس فی سیکنڈ تھی، یا یوں بھی کہا جاسکتا ہے 500 میگا بٹس فی سیکنڈ، جس کی مدد سے پچاس جی بی کی فائل صرف دو منٹ جبکہ سو جی بی کی فلم چار منٹ میں ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔

پی ٹی اے نے گزشتہ ماہ جولائی میں آزمائشی بنیادوں پر لائسنس کے اجراء کیلئے سیلولر کمپنیوں سے درخواستیں طلب کرلی تھیں، پی ٹی اے کے مطابق فائیو جی سروسز کیلئے آزمائشی فریم ورک پہلے ہی تیار کیا جا چکا ہے، درخواستیں جائزہ لینے کے بعد فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کو بھیجی جائیں گی، بورڈ آزمائشی بنیادوں پر چھ ماہ کیلئے اسپیکٹرم کا اجراء کرے گا۔ خیال رہے کہ 2014 میں تھری جی اور فور جی کے لائسنس کا اجراء کیا گیا تھا جس کے بعد بڑی تعداد میں صارفین نے اس کا استعمال شروع کیا۔ پی ٹی اے کے مطابق اب تک چار کروڑ 40 لاکھ افراد تھری جی اور فور جی کی سروس استعمال کر رہے ہیں۔ چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے بھی پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں کم قیمت 5 جی سروس شروع کرنا چاہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 811929

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811929/پاکستان-میں-پہلی-مرتبہ-5g-سروس-کا-کامیاب-تجربہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org