QR CodeQR Code

غریبوں کی آخری امید کراچی کو آخری آرام گاہ بنادیا گیا ہے، شاہی سید

21 Aug 2019 23:23

ایک بیان میں رہنما اے این پی نے کہا کہ شہر کا تاثر خراب کرنا کراچی دشمنی کے مترادف ہے، صوبے کی پوری سیاست کراچی کے کچرے پر ٹکی ہے، صرف کراچی کے رہائشی اور تجارتی علاقوں سے یومیہ 13 ہزار ٹن کچرا نکلتا ہے، اب بھی کم از کم چار ہزار ٹن کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جارہا۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ غریبوں کی آخری امید کراچی کو آخری آرام گاہ بنادیا گیا ہے، بارش اور عید گزرے ہفتہ ہوچکا مگر تعفن کے باعث سانس لینا مشکل ہوچکا ہے، کراچی میں اس وقت کسی دور دراز علاقے سے بھی بدتر حالات کا سامنا ہے، کراچی میں صفائی کی بدترین صورت حال ہے، جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، کچرا کنڈیاں بھری ہوئی ہیں، آج ان جگہوں، راستوں پر گندگی پھیلی ہوئی ہے جہاں کبھی کچرا نہیں دیکھا گیا تھا، کراچی کے شہری نہ صرف گندگی اور تعفن کے عذاب میں مبتلا ہیں، کچرے کی وجہ سے مچھروں کی بہتات اور مختلف بیماریاں بھی کراچی والوں کے لئے عذاب مسلسل ہے، وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر الزامات لگا کر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے تینوں کو اپنی سیاست چمکانے کا موقع ہاتھ آگیا ہے، شہر کی بدتر صورتحال میں تینوں جانب سے سیاسی بیانات اور الزامات پر کراچی کے شہری پوچھ رہے ہیں کہ ایک دوسرے پر گند اُچھالنے والے شہر کا گند کب صاف کریں گے؟ سرکاری فائلوں میں سب کچھ ٹھیک ہے مگر صفائی تو دور کی بات شہر میں گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے، شہر کی خوب صورتی کو نااہلی،اقربا پروری اور منفی سیاست کی بدصورتی نگل رہی ہے۔

شاہی سید کا کہنا تھا کہ شہر کا تاثر خراب کرنا کراچی دشمنی کے مترادف ہے، صوبے کی پوری سیاست کراچی کے کچرے پر ٹکی ہے، صرف کراچی کے رہائشی اور تجارتی علاقوں سے یومیہ 13 ہزار ٹن کچرا نکلتا ہے، اب بھی کم از کم چار ہزار ٹن کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جارہا، یہ کوڑا کرکٹ مختلف ندی نالوں میں جاکر جمع ہوجاتا ہے یا یہاں سے سمندر میں چلا جاتا ہے، کچرا اور بغیر ٹریٹمنٹ کے سیوریج سمندر میں جانے سے سمندری حیاتیات کو شدید نقصان بھی پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں صحت و صفائی کی ابتر صورت حال میں مصطفیٰ کمال کی اس تجویز سے اتفاق کرتا ہوں کہ اپنی سیاست چمکانے کے بجائے وزیراعظم فی الفور کراچی میں طویل قیام کریں اور مرکزی، صوبائی اور شہری حکومتوں کو ایک ساتھ بٹھائیں اور تینوں کو شہر کی ابتر صورت حال بہتر بنانے کیلئے ایک پیج پر لیکر آئیں، سیاست سے بالاتر ہوکر کراچی کی صفائی کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 811930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/811930/غریبوں-کی-آخری-امید-کراچی-کو-آرام-گاہ-بنادیا-گیا-ہے-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org