0
Thursday 22 Aug 2019 09:26

کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، راجہ فاروق

کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پندرہ دنوں سے شہری محصور ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، وہاں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ بھارت کے خلاف احتجاج کے خوف سے قابض ہندوستانی فوج نے لوگوں کو گھروں میں نظربند کر دیا ہے اور ان پر بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ وہاں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے، کرفیو نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ تارکین وطن کشمیری ہمارے سفیر ہیں جو کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔ ہمیں ہندوستان کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم دنیا کو دکھانے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کشمیریوں کو ان کا جائز حق حق خودارادیت دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ریاست ٹیکساس میں تارکین وطن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے۔ 

راجہ فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر اندوہناک مظالم ڈھانے کے ساتھ ساتھ سیز فائر لائن پر آباد کشمیری بھی بھارتی جارحیت سے محفوظ نہیں ہیں، آئے روز قابض ہندوستانی افواج سیز فائر لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہین۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، عورتوں کی بے حرمتی اور عصمت دریاں کی جاتی ہیں۔ معصوم بچوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، حریت قیادت کو نظربند کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔ قابض ہندوستانی فوج کشمیری نوجوانوں کو اغواء کر کے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہندوستان کے جھوٹے پروپیگنڈے کا توڑ کرنا ہے، ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کو پہنچ چکی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں 8لاکھ فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے۔ جتنی قربانیاں 72سالوں میں کشمیریوں نے دی ہیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کی تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو لازوال جدوجہد پر سلام پیش کرتا ہوں، کشمیری پاکستان کی بقاءکی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیریوں کو اپنے تارکین وطن بھائیوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ تارکین وطن کشمیریوں کے لیے مزید موثر انداز میں آواز بلند کریں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے بین الاقوامی دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 811956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش