0
Thursday 22 Aug 2019 12:21

راولپنڈی سے اغواء لڑکیاں پشاور میں بازیاب

راولپنڈی سے اغواء لڑکیاں پشاور میں بازیاب
اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے پنجاب پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران راولپنڈی سے شادی کی غرض سے اغواء ہونے والی 2 لڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ دونوں لڑکیاں آپس میں سہیلیاں ہیں جن کو راولپنڈی سے اغواء کیا گیا تھا۔ دونوں لڑکیوں کو مقامی عدالت کے حکم پر اپنے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ نیاز ولی ولد کابل خان سکنہ ثمر زار کالونی اڈیالہ نے تھانہ صدر راولپنڈی کو رپورٹ کی تھی کہ اس کی بیٹی مسماۃ (ز) بی بی دختر نیاز ولی اور مسماۃ (م) بی بی دختر نعیم خان جو آپس میں سہیلیاں ہیں گھر سے آئس کریم کھانے کیلئے نکلیں تھیں جو واپس نہیں آئیں، جس کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی تو معلوم ہوا کہ دونوں لڑکیوں کو ملزمان اول خان ولد یار محمد سکنہ باجوڑ حال وزیر کالونی اور ذیشان ولد نامعلوم سکنہ کراچی نے علاقہ تھانہ فقیر آباد کی حدود میں ایک گھر میں رکھا ہے، گذشتہ روز ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد وارث خان نے پنجاب پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران دونوں لڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کرا کے مقامی عدالت کے روبرو پیش کر دیا جس کے حکم پر دونوں لڑکیوں کو اپنے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزمان پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہو چکے تھے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دید ی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 812012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے