QR CodeQR Code

پشاور، محرم الحرام میں تاجروں کو خصوصی پاس جاری کرنیکا فیصلہ

22 Aug 2019 19:17

تاجر رہنماوں نے واضح کیا کہ شہر کے امن و امان کی خاطر انہوں نے ماضی میں بھی اپنی کاروباری سرگرمیوں کو محدود کیا تھا، جبکہ اس بار بھی عشرہ محرم کے آخری ایام میں شہر کے تمام بازاروں کو بند کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام میں تاجروں کیلئے خصوصی پاس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تاجروں نے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آخری ایام میں دکانیں بند رکھنے اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے اندرون شہر اور کینٹ برادری کے تاجروں سے ملاقات کی، اس موقع پر تاجرا تحاد کے صوبائی چیئرمین شرافت علی مبارک، مجیب الرحمٰن، ایس پی کینٹ محمد اشفاق، ایس پی سکیورٹی عنایت علی شاہ، ایس پی ہیڈکوارٹرز عبدالسلام خالد اور ایس پی سٹی عتیق شاہ سمیت سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے محرم الحرام کے دوران ان کو درپیش مسائل کے بارے میں ایس ایس پی آپریشن کو آگاہ کیا، جس پر ایس ایس پی آپریشن نے موقع پر ہی تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے احکامات جاری کئے، تاجر رہنماوں نے واضح کیا کہ شہر کے امن و امان کی خاطر انہوں نے ماضی میں بھی اپنی کاروباری سرگرمیوں کو محدود کیا تھا، جبکہ اس بار بھی عشرہ محرم کے آخری ایام میں شہر کے تمام بازاروں کو بند کیا جائے گا۔ ایس ایس پی آپریشن نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ شہر اور صدر بازار کے تاجروں کو خصوصی کارڈ ایشو کئے جائیں گے جس سے ان کو محرم کے دوران نقل و حرکت میں آسانی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام ہر مسلک کیلئے ادب اور احترام کا مہینہ ہے جو صبر اور درگزر کا درس دیتا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 812101

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812101/پشاور-محرم-الحرام-میں-تاجروں-کو-خصوصی-پاس-جاری-کرنیکا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org